0
Sunday 16 Jan 2022 19:36

اپوزیشن جتنے مرضی مارچ کر لے نہ ان ہاوس تبدیلی آئیگی اور نہ حکومت ختم ہوگی، شاہ محمود قریشی

اپوزیشن جتنے مرضی مارچ کر لے نہ ان ہاوس تبدیلی آئیگی اور نہ حکومت ختم ہوگی، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام سے لاتعلق نہیں عوام کی پریشانیوں کا احساس ہے، عوام کا ساتھ نبھانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، مہنگائی کا تدارک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کرونا کے باعث گزشتہ دو سال سے عالمی معیشت بھی بحرانو ں کی زد میں ہے۔ 2023ء سے قبل مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں گے۔ مشکلات عارضی ہیں وطن کی مٹی سے پیار ہے وطن میں رہنا ہے۔ ملک سے وفا کرنا جانتے ہیں، بیرون ملک نہ کوئی فلیٹس ہیں، نہ کوئی اکاونٹس ہیں اور نہ ہی کسی کا باہر جانے کا پروگرام ہے۔ عوام میں سے ہیں اور عوام کے ساتھ ہی رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا مشکلات آتی رہتی ہیں اور انشااللہ ختم ہوجائیں گی۔ تمام بحرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ اپوزیشن جتنے مرضی مارچ کر لے نہ ان ہاوس تبدیلی آئیگی اور نہ حکومت ختم ہوگی۔ اپوزیشن کو شکست ہوگی۔ تحریک انصاف کی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کریگی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نیت درست، دامن صاف، ہاتھ صاف ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت کا ایک بہت بڑا کریڈٹ ہے کہ کسی قسم کا کرپشن کا سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ وزیراعظم عمران خان کی کرپشن کے حوالے سے زیروٹالرنس کی پالیسی قابل تحسین ہے۔ ماضی میں کرپشن اور اپنوں کو نوازنے کے چکر میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ بیرون ملک جائیدادیں بنائی گئیں۔ فارن کرنسی اکاونٹ کھولے گئے۔ ماضی کے حکمران دوران اقتدار ملک میں رہے اور اقتدار کے بعد بیرون ملک جا کر لوٹے گئے پیسوں سے عیاشی کی گئی۔ مگر اب ایسا نہیں ہے موجودہ حکومت شفافیت پر یقین رکھتے ہوئے قومی خزانے اور وسائل کو عوامی ترقی پر صرف کررہی ہے۔ پہلی مرتبہ عوام کا پیسہ حقیقی معنوں میں عوام کی ترقی پر صرف ہو رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وسائل کے مقابلے میں مسائل زیادہ ہیں۔ جو راتوں رات حل نہیں ہوسکتے۔ عوام کے مسائل اور پریشانیوں کا ادراک ہے جنہیں حل کرنے کیلئے کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف خوش قسمت جماعت ہے جس کے پاس خلوص اور محبت کرنے والے کارکن ہیں۔ 2013ء کے انتخابات میں اپوزیشن کاٹی، ہمیں ترقیاتی فنڈز کیلئے بجٹ نہیں ملا لیکن مخلص کارکن ہمارے ساتھ رہے۔
خبر کا کوڈ : 973911
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش