QR CodeQR Code

پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کو آئندہ بلدیاتی انتخابات میں شکست نظر آرہی ہے، عاجز دھامراہ

17 Jan 2022 01:47

ایک بیان میں رہنما پی پی نے کہا کہ عوام کا معاشی قتل کرنے والی جماعتیں اپنے مفادات کے لیے اکھٹے ہوئی ہیں اور وہ ایک بار پھر لسانی کارڈ استعمال کرکے سندھ کے عوام میں نفرتیں پھیلانا چاہتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ترجمان نے اپوزیشن کی جانب سے سندھ بلدیاتی بل کے خلاف کراچی میں ہونے والے  احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں عوام کے مسترد شدہ جماعتوں نے جھوٹا احتجاج کیا، سندھ کے ایک بااختیار بلدیاتی بل کے خلاف وہ جماعتيں احتجاج کر رہی ہیں جن کی وجہ سے کراچی کے بچے بغیر ناشتے اسکول جاتے ہیں۔ میڈیا کو جاری کردہ بیان میں عاجز دھامراہ نے کہا کہ عوام کا معاشی قتل کرنے والی جماعتیں اپنے مفادات کے لیے اکھٹے ہوئی ہیں اور وہ ایک بار پھر لسانی کارڈ استعمال کرکے سندھ کے عوام میں نفرتیں پھیلانا چاہتی ہیں لیکن ہم کراچی کے عوام شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ان مسترد شدہ جماعتوں کو پھر رد کردیا۔

عاجز دھامراہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے نئے بلدیاتی بل میں بلدیاتی اداروں کو مزید بااختیار بنایا گیا ہے لیکن اپوزیشن والوں کو خطرہ ہے کہ وہ عوام کے پاس جا نہیں سکتے، اگر وہ گلی محلوں میں نکلیں گے تو عوام ان کا گریبان پکڑیں گے، یہ رجیکٹڈ اور سلیکٹڈ جماعتیں مہنگائی اور گراں قیمتوں پر تو کوئی احتجاج نہیں کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی، جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کو آئندہ بلدیاتی انتخابات میں شکست ابھی سے نظر آرہی ہے اور وہ بلدیاتی انتخابات سے بھاگنا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کو بھاگنے نہیں دیں گے اور میدان میں مقابلہ کرکے شکست دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 973954

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/973954/پی-ٹی-آئی-اور-ایم-کیو-کو-آئندہ-بلدیاتی-انتخابات-میں-شکست-نظر-آرہی-ہے-عاجز-دھامراہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org