QR CodeQR Code

کوئٹہ، الیکشن کمیشن کیجانب سے بلوچستان کے 10 پارلیمنٹیرینز کی رکنیت معطل

17 Jan 2022 21:04

جن اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں ایک سینیٹر، قومی اسمبلی میں بی اے پی اور پی ٹی آئی کی رکن اور بلوچستان کے صوبائی اسمبلی میں صوبائی وزیر ریونیو میر سکندر علی عمرانی، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند، بی اے پی کے سابق صوبائی وزراء میر سلیم کھوسہ، میر عارف جان محمد حسنی، محمد خان طور اتمانخیل اور بی این پی کے میر اکبر مینگل اور احمد نواز بلوچ شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے اور اہلخانہ کے اثاثہ جات و زیر کفالت افراد کی تفصیلات جمع نہ کروانے پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 10 پارلیمنٹرینز کی رکنیت معطل کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 137 کے سب سیکشن 1 کے تحت اراکین سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی کو 31 دسمبر تک اپنے، اپنے شریک حیات اور بچوں کے اثاثوں اور زیر کفالت افراد کی تفصیلات جمع کروانی ہوتی ہیں جبکہ 15 جنوری تک تفصیلات جمع نہ کروانے والے اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کردی جاتی ہے۔ بلوچستان سے 10 اراکین سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے تفصیلات جمع نہیں کروائی گئیں۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ان اراکین کی رکنیت معطل کردی ہے۔

جن اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں بلوچستان سے سینیٹ کی جنرل نشست پر منتخب سینیٹر پرنس آغا عمر احمدزئی، قومی اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نوابزادہ خالد حسین مگسی، پی ٹی آئی کی رکن منورہ بلوچ، بلوچستان اسمبلی کے سات اراکین صوبائی وزیر ریونیو میر سکندر علی عمرانی، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند، بی اے پی کے سابق صوبائی وزراء میر سلیم کھوسہ، میر عارف جان محمد حسنی، محمد خان طور اتمانخیل اور بی این پی کے میر اکبر مینگل اور احمد نواز بلوچ شامل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 974123

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974123/کوئٹہ-الیکشن-کمیشن-کیجانب-سے-بلوچستان-کے-10-پارلیمنٹیرینز-کی-رکنیت-معطل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org