QR CodeQR Code

کووڈ ویکسین زبردستی نہیں لگائی جاسکتی ہے، بھارتی حکومت کی وضاحت

18 Jan 2022 11:45

حکومت کے مطابق مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعے اسکی وسیع تشہیر کی جارہی ہے تاکہ لوگوں کو اسکے فوائد کے بارے میں صحیح معلومات مل سکیں اور وہ خود بھی ویکسینیشن کیلئے آگے آئیں۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کی مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کے سامنے ایک بار پھر کووڈ-19 ویکسین کے بارے میں اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی شخص کو اس کی مرضی کے خلاف ویکسین نہیں لگائی جا سکتی ہے۔ مرکزی حکومت نے اپنے حلف نامہ میں ’ایوارا فاؤنڈیشن‘ کی طرف سے دائر کی گئی مفاد عامہ کی عرضی کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے رہنما خطوط متعلقہ شخص کی رضامندی کے بغیر زبردستی کووڈ-19 ویکسینیشن کی اجازت نہیں دیتے۔ بھارتی حکومت نے کہا کہ کسی بھی شخص کو اس کی مرضی کے خلاف ٹیکہ نہیں لگایا جا سکتا ہے تاہم حکومت نے اس بات پر زور دیا کہ کووڈ-19 ویکسینیشن وسیع تر عوامی مفاد میں ہے۔ حکومت کے مطابق مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعے اس کی وسیع تشہیر کی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کو اس کے فوائد کے بارے میں صحیح معلومات مل سکیں اور وہ خود بھی ویکسینیشن کے لئے آگے آئیں، اس تناظر میں تمام شہریوں کو اشتہار کے ذریعے ضروری مشورہ دیا گیا ہے۔ حلف نامہ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت نے کوئی رہنما خطوط ( ایس او پیز) جاری نہیں کئے ہیں جو کسی بھی مقصد کے لئے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 974214

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974214/کووڈ-ویکسین-زبردستی-نہیں-لگائی-جاسکتی-ہے-بھارتی-حکومت-کی-وضاحت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org