QR CodeQR Code

چاروں شریف باہر جانے کیلئے ڈیل مانگ رہے ہیں، شہباز گل

18 Jan 2022 14:35

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں معاون خصوصی نے کہا کہ شریف فیملی بڑے صحافیوں اور اینکرز کو بتا رہی ہے کہ ڈیل مل گئی، عمران خان ڈیل لیتا ہے نہ ڈھیل دیتا ہے، (ن) لیگ نے ہم سے ڈیل لینی ہے تو لوٹے گئے پیسے واپس کریں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل  نے کہا ہے کہ چاروں شریف باہر جانے کے لئے ڈیل مانگ رہے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس میں ڈیل اور ڈھیل پر بات کروں گا، چاروں شریف باہر جانے کے لئے ڈیل مانگ رہے ہیں لیکن یہ ڈیل اور ڈھیل دینے کے باوجود نہیں بچ سکتے, جبکہ (ن) لیگ میں پانچواں شخص بھی 4 کے ٹولے میں شامل ہونے کی کوشش کر رہا ہے، شریف فیملی بڑے صحافیوں اور اینکرز کو بتا رہی ہے کہ ڈیل مل گئی، عمران خان ڈیل لیتا ہے نہ ڈھیل دیتا ہے، (ن) لیگ نے ہم سے ڈیل لینی ہے تو لوٹے گئے پیسے واپس کریں۔

انہوں نے کہا کہ شریف پیسے اپنے نام کے بجائے دوسروں کے نام پر رکھتے ہیں، لاہور کے 2 اسپتالوں میں مبینہ طور پر 3 ارب روپے کا گھپلا کیا گیا، شریفوں کے غیر قانونی قبضہ سے زمینیں واگزار کرائیں گے جبکہ لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کے لئے کوشاں ہیں۔ شہباز گل نے دعویٰ کیا کہ ایک نئی آڈیو سامنے آنے والی ہے, جس میں (ن) لیگ سے شریفوں کو نکالنے کی بات ہے، پکڑے جانے پر ان کی کوشش ہے کہ (ن) لیگ پر قبضہ کر لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف فیملی کو 16 ارب روپے کا جواب دینا پڑے گا، اب نون لیگ کے معافی مانگنے کا وقت ہوا چاہتا ہے، شریف فیملی پہلے گالیاں دیتی ہے، پھر پاؤں پڑ جاتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 974255

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974255/چاروں-شریف-باہر-جانے-کیلئے-ڈیل-مانگ-رہے-ہیں-شہباز-گل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org