0
Tuesday 18 Jan 2022 21:58

حکومت کشمیر پریس کلب کو عمارت واپس کرے، غلام حسن میر

حکومت کشمیر پریس کلب کو عمارت واپس کرے، غلام حسن میر
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے نائب صدر غلام حسن میر نے ’کشمیر پریس کلب‘ کی اراضی اور عمارت کا کنٹرول محکمہ اسٹیٹس کے پاس رکھنے کو بلا جواز قرار دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پریس کی آزادانہ سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کو ایسا اقدام کرنے سے گریز کرنا چاہیئے تھا۔ جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے نائب صدر غلام حسن میر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ انتظامیہ کو پریس کلب کے داخلی معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے اقدام جن کے تحت ایک معروف پریس ایسوسی ایشن کو بے اختیار کر دیا گیا ہے، کی مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو چاہیئے کہ وہ اس پریس کلب کی سابق پوزیشن کو بحال کرے اور بغیر کسی مداخلت کے اس ایسوسی ایشن کو اپنے آئین کے مطابق چلنے کی اجازت دے۔
 
قابل ذکر ہے کہ سوسائٹیز آف کشمیر کے رجسٹرار کی طرف سے رجسٹریشن کو معطل کرنے کے بعد ہفتے کے روز کشمیر پریس کلب کی ایک عبوری انتظامیہ تشکیل دی گئی تھی جو تنازعے کا باعث بن گئی تھی۔ الزام لگایا گیا تھا کہ صحافیوں کے جس گروپ نے کلب کا انتظام سنبھالا ہے اس کو حکومت کی حمایت حاصل ہے۔ اس تنازعے کے پیش نظر حکومت نے پریس کلب کے احاطے کی الاٹمنٹ کو پیر کے روز منسوخ کیا اور کلب کو الاٹ کی گئی اراضی اور عمارت کا کنٹرول فی الوقت اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے پاس رکھنے کا فیصلہ لیا، جس کی صحافتی حلقے نے مخالفت کی۔
خبر کا کوڈ : 974302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش