QR CodeQR Code

اب ہم رہیں گے یا پیپلز پارٹی کی ظالم، کرپٹ اور متعصب حکومت رہے گی، مصطفیٰ کمال

18 Jan 2022 19:48

جنرل ورکرز اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ 30 جنوری کے ہمارے مارچ سے پیپلز پارٹی کے ظالم حکمرانوں کو پتہ لگ جائے گا کہ سامنے جب باکردار، بہادر اور قابل قیادت کھڑی ہو تو مظلوم عوام کو اختیارات اور وسائل دینے کے علاہ دوسرا کوئی راستہ نہیں بچتا۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اب ہم رہیں گے یا پیپلز پارٹی کی ظالم، کرپٹ اور متعصب حکومت رہے گی، اہل کراچی میں اتنی طاقت ہے کہ اگر وہ ظالم حکومت کیخلاف میدان عمل میں آگئے تو ناصرف کراچی اور حیدرآباد بلکہ تمام سندھ کے ایک ایک چپے کے لوگوں کو پیپلز پارٹی کے جابرانہ، ظالمانہ اور وڈیرانہ نظام حکومت سے آزادی دلوا کر پیپلز پارٹی کی اگلی نسلوں کی حکمرانی کا خواب چکنا چور کرسکتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کو معاشی اور معاشرتی طور پر اتنا مفلوج کرنا چاہتی ہے کہ وہ نا اپنے لیے کھڑے ہوسکیں اور نا سندھ میں آباد اپنے بھائیوں کے لیے، پیپلز پارٹی یہ بات بہت اچھی طرح جانتی ہے کہ پی ایس پی کے ہوتے پیپلز پارٹی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں سندھ بلدیاتی قانون کے خلاف 30 جنوری کو تبت سینٹر تا وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ کورنگی اور ایسٹ کے علیحدہ علیحدہ جنرل ورکرز اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم پہلے بھی وقت کے فرعون کے آگے ڈٹ گئے تھے، آج بھی پیپلز پارٹی کی فرعونیت کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں کراچی کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ 30 جنوری کو ایک دن ہمارے ساتھ چلیں، ہم حقوق دلوا کر اٹھیں گے کیونکہ ہم کرپٹ اور منافق نہیں، 30 جنوری کے ہمارے مارچ سے پیپلز پارٹی کے ظالم حکمرانوں کو پتہ لگ جائے گا کہ سامنے جب باکردار، بہادر اور قابل قیادت کھڑی ہو تو مظلوم عوام کو اختیارات اور وسائل دینے کے علاہ دوسرا کوئی راستہ نہیں بچتا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ  کے دیہی اور شہری علاقوں میں بلا تفریق ظلم کر رہی ہے، سندھ کے دیہی علاقوں کی عوام کو پیپلز پارٹی نے گزشتہ پچاس سال میں معاشی اور معاشرتی طور پر اتنا بدحال کردیا ہے کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے ظلم کے سامنے ناصرف ہتھیار ڈال دیئے ہیں بلکہ ظلم کو اپنی قسمت کا فیصلہ مان کر پیپلز پارٹی کے ظلم کے سائے میں اپنی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 974308

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974308/اب-ہم-رہیں-گے-یا-پیپلز-پارٹی-کی-ظالم-کرپٹ-اور-متعصب-حکومت-رہے-گی-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org