QR CodeQR Code

امریکہ حزب اللہ کیساتھ مذاکرات کا خواہشمند

18 Jan 2022 22:28

عرب میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ واشنگٹن خطے و لبنان کے اہم مسائل کے حوالے سے لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کیساتھ گفتگو کا خواہشمند ہے تاہم لبنانی مزاحمتی تحریک نے اس مطالبے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے


اسلام ٹائمز۔ خطے میں بن بلایا مہمان اور دنیا کے دوسرے کونے سے آ کر ناجائز طور پر قابض ہو جانے والا ملک امریکہ، یہاں موجود اپنے "مفادات" کو لاحق مسائل کے حوالے سے لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے ساتھ مذاکرات کی کوشش میں ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اب تک امریکہ کی جانب سے حزب اللہ لبنان کے ساتھ رابطے کی کئی ایک کوششیں کی جا چکی ہیں تاہم حزب اللہ نے اس امریکی مطالبے کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔ اس حوالے سے روزنامہ الاخبار نے اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں لکھا ہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے اب تک کئی ایک ثالث حزب اللہ کی قیادت تک یہ پیغام پہنچا چکے ہیں کہ واشنگٹن خطے اور لبنان کے حالات کے حوالے سے حزب اللہ کی قیادت کے ساتھ گفتگو کرنا چاہتا ہے۔ الاخبار نے مزید تفصیلات بتائے بغیر لکھا کہ حزب اللہ نے تمام ثالثوں کو یہی جواب دیا ہے کہ وہ امریکیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کا رابطہ نہیں رکھے گی۔

اس حوالے سے معروف لبنانی صحافی حسین مرتضی نے بھی سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ حزب اللہ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین نے ایک تقریب کے دوران کہا تھا کہ امریکیوں نے متعدد بار کوشش کی اور انہیں توقع تھی کہ وہ حزب اللہ کے سربراہ کے ساتھ مذاکرات کر سکیں گے! حسین مرتضی کے مطابق سید ہاشم صفی الدین کا کہنا تھا کہ یہ پیغام ایک ثالث نے پہنچایا تھا کہ وہ کسی بھی موضوع پر مذاکرات کرنے کو تیار ہیں تاہم حزب اللہ لبنان نے کسی بھی غور و خوض کے بغیر اس درخواست کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا۔ واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے تاحال اس موضوع پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 974330

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974330/امریکہ-حزب-اللہ-کیساتھ-مذاکرات-کا-خواہشمند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org