0
Tuesday 18 Jan 2022 23:12

اہل کراچی اپنا حق لے کر رہیں گے، حافظ نعیم الرحمن

اہل کراچی اپنا حق لے کر رہیں گے، حافظ نعیم الرحمن
اسلام ٹائمز۔ سندھ بلدیاتی ترمیمی قانون کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت سندھ اسمبلی کے باہر انیسویں روز بھی دھرنا جاری رہا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر سے دھرنے میں ویڈیو لنک، زوم اور اسکائپ کے ذریعے ایک انٹرنیشنل سیشن منعقد ہوا، جس میں اوورسیز پاکستانیوں نے آن لائن شرکت کی، سیشن میں لندن، نیویارک، استنبول، انقرہ، ٹورنٹو، لکسمبرگ، اونٹاریو، پرتھ سمیت دیگر بڑے شہروں میں مقیم پاکستانی مرد و خواتین نے ویڈیو لنک کے ذریعے دھرنے میں شرکت کی اور شرکاء سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے بیرو ن ملک پاکستانیوں سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مذاکرات کی بجائے مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، جس کی وجہ سے سندھ حکومت کی ملکی اور غیر ملکی میڈیا میں بدنام ہو رہی ہے، ایسا لگتا ہے کہ سندھ حکومت عوامی لاوا پھٹنے کا انتظار کر رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ وفاق کی جعلی مردم شماری کے باوجود کراچی آبادی کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا بڑا شہر ہے، اب لوگ سندھ حکومت سے سوال کر رہے ہیں کہ کراچی کو کیوں حق نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات 20 جنوری کو حسن اسکوائر پر خواتین کا عظیم الشان احتجاج اور دھرنا ہوگا، کراچی کے اہم اور اسٹریٹجکٹ پوائنٹ پر دھرنا دیں گے اور مائیں، بہنیں، بیٹیاں بھی دھرنا دیں گی اور اپنا حق مانگیں گی، ایک ہفتے میں پورے شہر میں دو ہزار کارنر میٹنگز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب حق دو کراچی کی صدا ہر گلی کوچے، محلے اور ہر گھر سے نکلے گی، جدوجہد آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کالے بلدیاتی قانون کے خلاف پہلا مارچ سہراب گوٹھ سے شاہراہ پاکستان، ایم اے جناح روڈ سے ٹاور تک ہوگا، دوسرا مارچ سرجانی، 4K چورنگی نمائش چورنگی اور ایم اے جناح روڈ تک ہوگا، تیسرا مارچ اورنگی ٹاؤن سے بنارس، سائٹ ایریا، پاک کالونی، گارڈن اور ایم اے جناح روڈ سے سندھ اسمبلی تک ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 974336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش