QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں فورسز کا سخت پہرہ، گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشیاں

19 Jan 2022 20:02

حکومتی ذرائع نے بتایا کہ یوم جمہوریہ ہند کی تقریبات کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ لگنے والی بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر بھی چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے تجارتی مرکز لالچوک سمیت کئی علاقوں میں بدھ کے روز قابض فورسز نے ناکے لگا کر گاڑیوں اور راہگیروں کو روک کر اُن کی تلاشیاں لیں۔ شہر میں جہاں ناکوں کے جال کو مزید توسیع دی گئی ہے وہیں حساس مقامات پر قابض فورسز کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور اُنہیں مزید چوکنا بھی رکھا گیا ہے۔ سرکاری زرائع نے بتایا کہ فورسز اہلکاروں نے سرینگر کے لالچوک اور دیگر علاقوں میں عارضی ناکے لگائے اور وہ گاڑیوں کو روک کر اُن کی اور ان میں سوار لوگوں کی تلاشی لے رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ فورسز اہلکار راہگیروں کو بھی روک کر اُن کی جامہ تلاشی لے رہے تھے اور ان سے پوچھ گچھ بھی کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے روایتی لباس ’پھیرن‘ پہنا تھا ان سے وہ نکالنے یا اوپر کرنے کو کہا جارہا تھا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ راہگیروں کی جامہ تلاشی لے کر اُن کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جا رہے تھے۔ ذرائع نے کہا کہ فورسز اہلکار مشکوک نظر آنے والے راہگیروں کو بھی روک کر اُن کی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد اُنہیں اپنے اپنے منزلوں کی طرف جانے کی اجازت دیتے تھے۔

ذرائع نے کہا کہ شہر سرینگر کے تجارتی مرکز کے ساتھ ساتھ پائین شہر میں بھی سیکورٹی کو چوکس رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈاؤن ٹاؤن علاقوں میں سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ یوم جمہوریہ ہند کے پیش نظر شہر کے حساس علاقوں میں فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے راہگیروں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے نیز جگہ جگہ پر ناکے قائم کئے گئے ہیں۔ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ یوم جمہوریہ ہند کی تقریبات کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ لگنے والی بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر بھی چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 974498

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974498/مقبوضہ-کشمیر-میں-فورسز-کا-سخت-پہرہ-گاڑیوں-اور-راہگیروں-کی-تلاشیاں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org