QR CodeQR Code

ملک میں ایک بار پھر فرقہ وارانہ دہشتگردی شروع کر دی گئی ہے، وفاق المدارس الشیعہ

19 Jan 2022 19:09

علی مسجد جامعة المنتظر لاہور میں درس قرآن کے دوران علمائے کرام کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تین افراد اور ملتان میں ایک نوجوان کی ٹارگٹ کلنگ پر ملت جعفریہ میں تشویش پائی جاتی ہے، قاتل خارجی دہشتگرد گروہ ایک بار پھر متحرک ہو گیا ہے، فرقہ وارانہ دہشتگردی کے ذریعے 1990ء کی دہائی کے حالات دوبارہ پیدا کیے جا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اور نائب صدر علامہ مرید حسین نقوی نے ڈیرہ اسمٰعیل خان اور ملتان میں اہل تشیع نوجوانوں کی شہادت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر فرقہ وارانہ دہشتگردی شروع کر دی گئی ہے، ریاستی ادارے اور حکومت کہاں ہے؟ علی مسجد جامعة المنتظر لاہور میں درس قرآن کے دوران انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تین افراد اور ملتان میں ایک نوجوان کی ٹارگٹ کلنگ پر ملت جعفریہ میں تشویش پائی جاتی ہے، قاتل خارجی دہشتگرد گروہ ایک بار پھر متحرک ہو گیا ہے، فرقہ وارانہ دہشتگردی کے ذریعے 1990ء کی دہائی کے حالات دوبارہ پیدا کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کا جاری رہنا خود ریاستی اداروں اور ایجنسیوں کے وجود پر سوالیہ نشان ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں فرقے موجود ہیں، فرقہ واریت کا کوئی وجود نہیں، ٹارگٹ کلنگ دہشت گردی کا مسئلہ ہے، بیرونی قوتوں کے ایماء پر پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے ملکی حالات خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، اہل تشیع نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ شہداء کے قاتلوں کو بے نقاب کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات کی دعا بھی کی۔


خبر کا کوڈ: 974500

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974500/ملک-میں-ایک-بار-پھر-فرقہ-وارانہ-دہشتگردی-شروع-کر-دی-گئی-ہے-وفاق-المدارس-الشیعہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org