QR CodeQR Code

کراچی کے لوگ 30 جنوری کو ایک دن کیلئے ہمارے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس چلیں، مصطفیٰ کمال

19 Jan 2022 23:35

ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ صرف تیرہ سال میں پیپلز پارٹی کو 10 ہزار 242 ارب ملے، پیپلز پارٹی پہلے اسکا حساب تو دے، ستر سالوں میں جتنے پیسے ملے عوام سوچ سکتی ہے، ان سب کے باوجود سندھ انسان کی رہنے کی سب سے بدترین جگہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کے لوگ 30 جنوری کو ایک دن کے لئے ہمارے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس چلیں، ہم حقوق دلوا کر اٹھیں گے، ظالم حکمران سمجھ لیں کہ ہمیں روکا گیا تو طاقت کا جواب عوامی طاقت سے دیا جائے گا، جو جیسا کرے گا اسے ویسا ہی جواب ملے گا، سندھ کے ظالم اور متعصب حکمرانوں کو عوام کی دور سے آواز سنائی نہیں دے رہی، اس لئے اب وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر جاکر آواز لگائیں گے، نام نہاد جمہوری چیمپئین پیپلز پارٹی کے بدترین رویئے کے باعث لوگ غیر جمہوری طاقتوں کی حمایت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی جیسی حکومت کے خاتمے پر کراچی کے لوگ کیوں نہ مٹھائی بانٹیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ بلدیاتی قانون کے خلاف 30 جنوری کو فوراہ چوک تا وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ساوتھ کے ورکرز اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پی ایس اپی انیس قائمخانی، جوائنٹ سیکریٹری و صدر ڈسٹرکٹ ساوتھ ڈاکٹر یاسر صدیقی اور ڈسٹرکٹ ساوتھ کے دیگر ذمہ دران بھی موجود  تھے۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کئی دہائیوں سے سندھ کا وزیراعلیٰ پیپلز پارٹی سے ہے، جب تک یہ وزیراعلیٰ رہتے ہیں تب تک پنجاب، اسٹیبلشمنٹ اور وفاق سے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا لیکن جب سندھ کو حق دینے کی بات آتی ہے تمام وسائل اور اختیارات پر قابض حکمران عوام سے جھوٹ بولتے ہیں کہ پنجاب، اسٹیبلشمنٹ اور وفاق حق مارہا ہے پھر یہ نوجوانوں کو کہتے ہیں ہتھیار اٹھا اور سندھو دیش کا نعرہ لگاؤ، پھر یہ اسٹیبلشمنٹ اور وفاق کو بلیک میل کرتے ہیں، حقیقت تو یہ ہے کہ صرف تیرہ سال میں پیپلز پارٹی کو 10 ہزار 242 ارب ملے، پیپلز پارٹی پہلے اسکا حساب تو دے، ستر سالوں میں جتنے پیسے ملے عوام سوچ سکتی ہے، ان سب کے باوجود سندھ انسان کی رہنے کی سب سے بدترین جگہ ہے، عوام کو نہ روٹی ملی نہ مکان ملا نہ کپڑا ملا، آج سندھ میں بچوں کے پاس پہننے کے کپڑے نہیں ہیں، پاک سرزمین پارٹی لوکل گورئمنٹ ایکٹ کو نہیں مانتی، 2001ء کا لوکل گورئمنٹ ایکٹ بحال کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 974546

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974546/کراچی-کے-لوگ-30-جنوری-کو-ایک-دن-کیلئے-ہمارے-ساتھ-وزیراعلی-ہاؤس-چلیں-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org