QR CodeQR Code

ایران سے جوہری معاہدے سے دستبرداری امریکی سیاسی تاریخ کا بدترین فیصلہ تھا، امریکی وزیر خارجہ

20 Jan 2022 01:17

امریکہ کے وزیر خارجہ اینتھونی بلینکن نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے برجام سے دستبرداری کو امریکہ کی سیاسی تاریخ کا بدترین فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ایران ہم سے دوبارہ دستبردار نہ ہونے کی ضمانت طلب کر رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق امریکہ کے وزیر خارجہ اینتھونی بلینکن نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ انجام پانے والے جوہری معاہدے برجام سے دستبردار ہونے کے فیصلے کو امریکہ کی سیاسی تاریخ کا بدترین فیصلہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا: "میری نظر میں یہ کہنا عادلانہ ہوگا کہ (ایران سے) جوہری معاہدے سے دستبرداری کا فیصلہ امریکہ کی خارجہ سیاست کی تاریخ کے بدترین فیصلوں میں سے ایک تھا۔" امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا: "جوہری معاہدے کے ذریعے ایران کا جوہری پروگرام محدود ہوگیا تھا۔ ہم برجام میں طے پانے والی وسیع نظارت اور سچائی کو جانچنے والے طریقہ کار کے ذریعے ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں اطمینان حاصل کرسکتے تھے۔ حتی امریکہ کی سابق حکومت نے بھی اعلان کیا ہے کہ ایران نے اپنے ذمے تمام امور انجام دیئے ہیں۔"

اینتھونی بلینکن نے کہا: "جو بات قابل افسوس بلکہ اس سے بھی زیادہ ناگوار ہے، وہ یہ کہ جب سے ہم اس معاہدے سے دستبردار ہوئے ہیں، ایران نے اسے بہت سی ایسی خطرناک سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا بہانہ قرار دیا ہے، جن کی راہ میں یہ معاہدہ رکاوٹ بنا ہوا تھا۔" انہوں نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا ایران نے واشنگٹن سے اس بات کی گارنٹی طلب کی ہے کہ وہ اس معاہدے میں شامل ہونے کے بعد دوبارہ دستبردار نہیں ہوگا؟ کہا: "جی ہاں آپ درست فرما رہے ہیں۔ ہم سے ایران کا ایک مطالبہ یہ ہے کہ اسے جوہری معاہدے سے دوبارہ دستبردار نہ ہونے کی ضمانت فراہم کی جائے۔" امریکہ کے وزیر خارجہ نے کہا: "اور آپ کی یہ بات بھی درست ہے کہ ہماری حکومت میں اتنے کم وقت میں ایسی سخت ضمانت فراہم نہیں کی جا سکتی۔ صدر بائیڈن یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ جب تک ایران معاہدے کا پابند رہے گا، وہ صدر ہونے کے ناطے کیا کریں گے اور کیا نہیں کریں گے، لیکن ہم اگلے صدر کو کسی کام پر مجبور نہیں کرسکتے۔"


خبر کا کوڈ: 974556

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974556/ایران-سے-جوہری-معاہدے-دستبرداری-امریکی-سیاسی-تاریخ-کا-بدترین-فیصلہ-تھا-وزیر-خارجہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org