QR CodeQR Code

سرکاری وسائل سے لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے، فضل الرحمان

20 Jan 2022 02:18

پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں وفاقی اور صوبائی وزراء کی ایما پر ڈپٹی کمشنر نے 1 ارب 88 کروڑ کی اسکیموں کی منظوری دیکر پورے انتخابی عمل کو متنازعہ بنا دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت کا امیدوار لامحدود سرکاری وسائل استعمال کرکے لوگوں کے ضمیر خریدنے اور سرکاری افسران کے وقار کو بیچنے میں مصروف ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں وفاقی اور صوبائی وزراء کی ایما پر ڈپٹی کمشنر نے 1 ارب 88 کروڑ کی اسکیموں کی منظوری دے کر پورے انتخابی عمل کو متنازعہ بنا دیا ہے، حکمراں جماعت کا امیدوار لامحدود سرکاری وسائل استعمال کرکے لوگوں کے ضمیر خریدنے اور سرکاری افسران کے وقار کو بیچنے میں مصروف ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ٹی ایم اے کے علاوہ تمام انتظامی محکموں کے افسران اور اہلکار پارٹی ورکرز کی طرح حکمراں جماعت کے امیدوار کی انتخابی مہم چلا کر اپنے منصب کی توہین اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی پامالی میں مصروف ہیں، انتظامیہ کے اعلیٰ افسران جس بے حجابی کے ساتھ انتخابی عمل کو متنازعہ بنانے پر تل گئے ہیں، اس سے عوام میں اشتعال بڑھ رہا ہے، الیکشن کمشن نے اگر بروقت اس لاقانونیت کا نوٹس نہ لیا تو جمعیت اس معاملہ کو عوام میں لے جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 974567

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974567/سرکاری-وسائل-سے-لوگوں-کے-ضمیر-خریدنے-کی-کوشش-جا-رہی-ہے-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org