0
Thursday 20 Jan 2022 10:51

بھارت مخالف یوٹیوب چینلز اور ویب سائٹس کو بلاک کردیا جائیگا، انوراگ ٹھاکر

بھارت مخالف یوٹیوب چینلز اور ویب سائٹس کو بلاک کردیا جائیگا، انوراگ ٹھاکر
اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ کوئی بھی ویب سائٹ یا یوٹیوب چینل ملک کے خلاف سازش کرتے پایا گیا تو اسے بلاک کر دیا جائے گا۔ بھارتی وزیر کا یہ بیان 20 یوٹیوب چینلز اور دو ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کے حوالے سے بات چیت کے دوران سامنے آیا ہے۔ ان یوٹیوب چینلز اور ویب سائٹس پر ملک مخالف پراپیگنڈے اور جعلی خبریں پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ مودی حکومت ملک کے خلاف سازش گھڑنے والوں کے خلاف کارروائی کرتی رہے گی۔ خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ میں نے ان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے، مجھے خوشی ہے کہ بہت سے بڑے ممالک نے انہیں پہچان لیا ہے، یوٹیوب نے بھی اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں بلاک کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں وزارت اطلاعات و نشریات نے انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کرتے ہوئے ان چینلز اور دو ویب سائٹس کو بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان سے سرگرم نیٹ ورک کی جانب سے ملک کے حساس معاملات کے بارے میں جعلی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ بیان کے مطابق ’ان چینلز پر کشمیر، ہندوستانی فوج، اقلیتوں، رام مندر اور جنرل بپن راوت کے بارے میں رائے تقسیم کرنے والا مواد منظم انداز میں نشر کیا جاتا تھا۔ انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی ملک کے خلاف سازشیں کرنے، جھوٹ پھیلانے اور معاشرے کو تقسیم کرنے والا مواد پھیلانے والے اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کے لئے کارروائی کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 974594
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش