0
Thursday 20 Jan 2022 10:51

چین ہمارے ملک میں پل تعمیر کررہا ہے اور مودی ڈرے ہوئے ہیں، راہل گاندھی

چین ہمارے ملک میں پل تعمیر کررہا ہے اور مودی ڈرے ہوئے ہیں، راہل گاندھی
اسلام ٹائمز۔ انڈین کانگریس کمیٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے لائن آف کنٹرول پر چین کی فوج کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر ایک بار پھر نریندر مودی کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ان سرگرمیوں کے لئے براہ راست بھارتی وزیراعظم مودی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ چین ہمارے ملک میں اسٹریٹیجک پل بنا رہا ہے اور مودی کی خاموشی سے پی ایل اے کے حوصلے بلند ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب خدشہ ہے کہ بھارتی وزیراعظم کہیں اس پل کا بھی افتتاح کرنے نہ پہنچ جائیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ بھارت اور چین کے درمیان مشرقی لداخ کی سرحد پر ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے لگی ہے، اس کشیدگی میں اضافے کے پیچھے چین کی نئی حرکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پینگونگ تسو جھیل کے کنارے ایک پل بنا رہا ہے، یہ پل 400 میٹر سے زیادہ لمبا ہے اور ایک بار مکمل ہونے سے چین کو خطے میں ایک اہم فوجی برتری حاصل ہوجائے گی۔

راہل گاندھی نے کہا کہ یہ پل آٹھ میٹر چوڑا ہے اور پینگونگ تسو جھیل کے شمالی کنارے پر چینی فوج کے اڈے کے بالکل جنوب میں واقع ہے، یہاں چینی اسپتال اور فوجیوں کی رہائش گاہیں بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشرقی لداخ کے قریب پینگونگ تسو جھیل کے ساتھ ایک ایسا علاقہ ہے، جس پر بھارت اور چین کے درمیان تنازعہ پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق 16 جنوری کی سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ چینی تعمیراتی کارکن ایک بھاری کرین کا استعمال کرتے ہوئے پل کے ستونوں کو کنکریٹ کے سلیب سے جوڑنے میں مدد کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے اپنے متعدد ٹوئٹ میں اس پل کا ذکر کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 974595
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش