QR CodeQR Code

کورونا کا پھیلاؤ، کراچی کا ضلع شرقی خطرناک ترین قرار

20 Jan 2022 16:19

ضلع شرقی میں جنوری کے 20 روز میں 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ اس ضلع میں نومبر میں 961 اور دسمبر میں 1509 کیسز رپورٹ ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ محکمہ صحت سندھ نے کورونا کے پھیلاؤ کے لحاظ سے کراچی کے ضلع شرقی کو سب سے زیادہ خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا جنوری کے 20 روز کے کیسز نے نومبر اور دسمبر کے تمام نمبروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے کورونا صورتحال کے حوالے سے بیان میں کہا کہ کراچی میں کورونا کے کیسز میں گزشتہ 2 ماہ کے مقابلے میں 100 فیصد سے بھی زائد اضافہ ہوا، جنوری کے 20 روز کے کیسز نے نومبر اور دسمبر کے تمام نمبروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں سیکنڑوں میں آنے والے اعدادوشمار ہزاروں تک جا پہنچے، جبکہ ضلع شرقی سب سے زیادہ خطرناک قرار دیا۔ حکام نے بتایا کہ ضلع شرقی میں جنوری کے 20 روز میں 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ اس ضلع میں نومبر میں 961 اور دسمبر میں 1509 کیسز رپورٹ ہوئے۔

دوسرے نمبر پر ضلع جنوبی میں جنوری کے 20 روز میں 5 ہزار 800 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، اس ضلع میں نومبر میں 453 اور دسمبر 1118 کیسز سامنے آئے۔ اعدادو شمار کے مطابق ضلع وسطی میں جنوری کے 20 روز میں 3 ہزار 200 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ وسطی میں نومبر میں 175، دسمبر 216 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اسی طرح ضلع کورنگی میں جنوری کے 20 روز میں 1 ہزار 500 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ نومبر میں 449 اور دسمبر 397 کیسز ریکارڈ کئے گئے۔ ضلع ملیر میں جنوری کے 20 روز میں 1 ہزار 79 سے زائد کیسز، جبکہ نومبر میں 95 اور دسمبر 113 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ضلع غربی میں جنوری کے 20 روز میں 2 ہزار 800 سے زائد کیسز، جبکہ نومبر میں 479، دسمبر 470 کیسز سامنے آئے۔ خیال رہے کہ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 41.06 فیصد ہوگئی، گزشتہ چو بیس گھنٹوں کے دوران سات ہزار چھ سو تریسٹھ ٹیسٹ کئے گئے، جن میں تین ہزار ایک سو اننچاس ٹیسٹ مثبت آئے۔


خبر کا کوڈ: 974672

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974672/کورونا-کا-پھیلاؤ-کراچی-ضلع-شرقی-خطرناک-ترین-قرار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org