QR CodeQR Code

دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کا فیز ٹو شروع کرنا ہوگا، علامہ اسدی

20 Jan 2022 19:26

لاہور سے جاری اپنے بیان میں ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نشان عبرت بنائے بغیر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے عسکریت پسندوں کے اچھے اور بُرے کے مغالطے سے نکلنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے جاری اپنے بیان میں لاہور انارکلی بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نشان عبرت بنائے بغیر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے عسکریت پسندوں کے اچھے اور بُرے کے مغالطے سے نکلنا ہوگا۔ انہوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے شہری محمد رمضان اور کمسن ابصار کے خانوادے سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کے زخمیوں کی دیکھ بھال پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے، زخمیوں کیلئے طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، دھماکے سے متاثرہ افراد کی اکثریت ٹھیلوں اور ریڑھی لگانے والے دیہاڑی دار طبقے سے تعلق رکھتے تھے، پنجاب حکومت جاں بحق اور زخمی شہریوں کیلئے معقول امدادی رقوم کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے دوبارہ سر اٹھا لیا ہے، اور یہ سلسلہ دراز ہوتا دکھائی دے رہا ہے، سکیورٹی اداروں کو ایسے واقعات کا تدارک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے سلیپنگ سیلز ابھی موجود ہیں، جن کیخلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کا دوسرا فیز شروع کرنا ہو گا۔ 


خبر کا کوڈ: 974687

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974687/دہشتگردی-کے-مکمل-خاتمے-کیلئے-نیشنل-ایکشن-پلان-کا-فیز-ٹو-شروع-کرنا-ہوگا-علامہ-اسدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org