QR CodeQR Code

پچھلے 15 برس سے غیر فعال بلدیاتی نظام سے کراچی کو شدید نقصان ہوا ہے، بلال غفار

20 Jan 2022 20:50

انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ سندھ حکومت ایک ڈکٹیٹر حکومت ہے، یہ صوبہ سندھ کو اپنی بددیانتی کی بنیاد پر چلانا چاہتی ہے، ہم جلد عدالت میں اعداد و شمار کے ساتھ اس کالے قانون کو چیلنج کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی بلال غفار نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے صوبے میں بلدیاتی قانون کا شور سنائی دے رہا ہے، پچھلے 15 برس سے غیر فعال بلدیاتی نظام سے کراچی کو شدید نقصان ہوا، سندھ حکومت شہروں کو ضلعی سطح پر اس کو آئینی مالیاتی حصہ نہیں دے رہی، کراچی کو تباہی کی طرف پہنچایا گیا ہے، کراچی کو جتنا حصہ ملنا چاہیئے وہ نہیں ملتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما و رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج بھی موجود تھے۔ بلال غفار کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے مقابلے میں کراچی کی ٹیکس کلیکشن زیادہ ہے، کراچی کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کیلئے 10 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

بلال غفار نے کہا کہ 2021-22ء میں صوبے کا این ایف سی بجٹ 815 فیصد بڑھا، سندھ کی آبادی 33 فیصد ہے اور خرچ 3 فیصد کیا جاتا ہے، سندھ کا فنانس ڈپارٹمنٹ بھی غیر فعال ہے، کراچی کو سالانہ ڈھائی سو ارب سے 300 ارب ملنا چاہیئے، یہ وہ نمبرز ہیں جس کی وجہ سے ہم کہتے ہیں کہ یہ کالا قانون ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدین، عمرکوٹ اور دیگر شہروں کے ساتھ بھی یہی ناانصافی کی جارہی ہے، یہ بجٹ کہاں لگتا ہے یہ وزیروں کی جیبوں میں جاتا ہے، سندھ حکومت ایک ڈکٹیٹر حکومت ہے، یہ صوبہ سندھ کو اپنی بددیانتی کی بنیاد پر چلانا چاہتی ہے، ہم جلد عدالت میں اعداد و شمار کے ساتھ اس کالے قانون کو چیلنج کریں گے، کالے قانون کیخلاف ہم گھوٹکی سے کراچی مارچ کیلئے تیار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 974702

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974702/پچھلے-15-برس-سے-غیر-فعال-بلدیاتی-نظام-کراچی-کو-شدید-نقصان-ہوا-ہے-بلال-غفار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org