QR CodeQR Code

وسیم اختر کی شاہی سید سے ملاقات، سندھ حکومت کے بلدیاتی ایکٹ پر گفتگو

21 Jan 2022 00:18

مردان ہاؤس میں ہونیوالی ملاقات کے دوران متحدہ قومی مومنٹ پاکستان اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سندھ حکومت کی جمہوریت اور سندھ دشمن اقدامات پر مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے ایک وفد نے ڈپٹی کنوینر وسیم اختر کی سر براہی میں اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید سے انکے گھر مردان ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک بھر خصوصاً سندھ کی صورتحال پر بات کی گئی۔ ملاقات میں سندھ کے حالات بالخصوص شہری سندھ سے سندھ حکومت کے رویئے اور اقدام پر تشویش کا اظہار کیا۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر نے شہری سندھ میں پائی جانے والی مایوسی اور بڑھتی ہوئی احساس محرومی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی ایکٹ میں یک طرفہ ترمیم اور مستقبل میں اس کے اثرات کا تفصیل سے احاطہ کیا۔

جواب میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا کہ اب ہمارا بھی جینا مرنا سندھ کے ساتھ ہے اور سندھ کے شہری علاقوں خصوصا کراچی جہاں پورا پاکستان روزگار کی خاطر نہ صرف آتا ہے بلکہ آباد بھی ہوتا جارہا ہے، جس نے کراچی کو پورے پاکستان کی نمائندگی کے قابل کردیا ہے ،اس کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک ملک دشمنی کے مترادف ہے، متحدہ قومی مومنٹ پاکستان اور عوامی نیشنل پارٹی نے اس پر اتفاق کیا کہ سندھ حکومت کی جمہوریت اور سندھ دشمن اقدامات پر مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 974718

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974718/وسیم-اختر-کی-شاہی-سید-سے-ملاقات-سندھ-حکومت-کے-بلدیاتی-ایکٹ-پر-گفتگو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org