QR CodeQR Code

شہید قاسم سلیمانی ہر بیدار ضمیر انسان کے ہیرو ہیں، علامہ امین شہیدی

21 Jan 2022 21:21

خانہ فرہنگ سفارت اسلامی جمہوریہ ایران اسلام آباد کیجانب سے کتاب "صورتِ سلیمانی" کی تقریب رونمائی سے خطاب میں امت واحدہ پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شہید قاسم سلیمانی کو محض ایک فوجی جنرل کی نظر سے دیکھنا انکی غیر معمولی شخصیت کیساتھ زیادتی ہے۔ وہ فرزندِ اسلام تھے اور موجودہ امتِ اسلامی کے سب سے بڑے محافظ بھی۔ ہم نے عملی طور پر دیکھا کہ قاسم سلیمانی کا قیام جس سرزمین پر بھی رہا، وہ اسی سرزمین کے باشندے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ امتِ واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے خانہ فرہنگ سفارت اسلامی جمہوریہ ایران اسلام آباد کی جانب سے کتاب "صورتِ سلیمانی" کی تقریب رونمائی میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ انہوں نے"صورتِ سلیمانی" کو شہید جنرل قاسم سلیمانی کے حوالہ سے مفید اور قلوب پر اثر انداز ہونے والی کتاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ مترجم نے اس کتاب کے ذریعے پاکستانی قوم کو قاسم سلیمانی سے قریب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ علامہ امین شہیدی نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید محض ایرانی جنرل نہیں تھے۔ ہمارا ملک اسلامی جمہوریہ ہے اور اس ملک کے تصور کے خالق علامہ اقبال ہیں۔ اگر ہم اقبال کی نگاہ سے مردِ مومن اور اسلام کی آفاقی تعلیمات کا جائزہ لیں تو اس نتیجہ پر پہنچتے ہیں کہ اگرچہ پاکستانی ہونے کی حیثیت سے ہماری شناخت کا ایک پہلو جغرافیائی ہے، لیکن یہ ہماری مکمل شناخت نہیں ہے۔

ہماری اصل اور مکمل شناخت ہمارا نظریہ ہے، جس کا تعلق اللہ، قرآن اور انبیاء علیہم السلام سے ہے۔ اگر ہمارا نظریہ آفاقی ہے تو پھر زمینی و جغرافیائی سرحدیں اسے محدود نہیں کرسکتیں۔ جب اس نقطہ نظر سے ہم اپنی تاریخ کا مشاہدہ کرتے ہیں تو اس نتیجہ پر پہنچتے ہیں کہ بہت کم ایسے لوگ ہیں، جو انسانی معاشرہ کے قلب پر اثر انداز ہوئے۔ شہید قاسم سلیمانی کو محض ایک فوجی جنرل کی نظر سے دیکھنا ان کی غیر معمولی شخصیت کے ساتھ زیادتی ہے۔ وہ فرزندِ اسلام تھے اور موجودہ امتِ اسلامی کے سب سےبڑے محافظ بھی۔ ہم نے عملی طور پر دیکھا کہ قاسم سلیمانی کا قیام جس سرزمین پر بھی رہا، وہ اسی سرزمین کے باشندے تھے۔ ایران میں ایرانی، عراق میں عراقی، لبنان میں لبنانی، فلسطین میں فلسطینی اور شام میں شامی عوام اور جوانوں کے ساتھ شامی بن کر قیام کیا۔ ان کی شناخت غیر محدود تھی۔ ان کی فکر نے اسلام کی آفاقی تعلیمات اور نظریہ کو پیش کیا۔

عرب ممالک، پاکستان اور یورپ میں جہاں جہاں خدا پرستی، استعمار ستیزی، طاغوت سے جنگ، بیداری اور مبارزہ ہے، وہاں وہاں اس عظیم شہید کی جدوجہد کے آثار موجود ہیں اور وہاں کے لوگوں کے قلوب میں ان کے لئے عشق و محبت کا سمندر موجزن ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر شہید کا جنازہ لبنان، شام اور پاکستان لے کر جاتے تو وہاں کی عوام بےتابانہ اس جلوس میں شرکت کرتی۔ اس کی وجہ کیا ہے؟ وجہ یہ ہے کہ جب انسان کی روح پاکیزہ ہو تو وہ ہمیشہ فطرت کی آواز پر لبیک کہہ کر سچائی کو قبول کرتا ہے اور سچائی، بیداری اور شجاعت کے سامنے سرِتسلیم خم کرتا ہے۔ آج دنیا کے جس کونے میں بھی بیدار ضمیر اور پاکیزہ روح کے حامل لوگ ہیں، خواہ وہ مسلم ہوں یا غیرمسلم، اگر ان کے اندر ظلم سے نفرت اور بیداری کا جذبہ موجود ہے تو ان ک ہیرو ایک ہی شخص ہوسکتا ہے اور وہ شہید جنرل قاسم سلیمانی ہے۔


خبر کا کوڈ: 974908

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/974908/شہید-قاسم-سلیمانی-ہر-بیدار-ضمیر-انسان-کے-ہیرو-ہیں-علامہ-امین-شہیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org