QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی سندھ پولیس کے ساتھ مل کر لسانی فسادات کا منصوبہ بنا چکی ہے، خالد مقبول صدیقی

22 Jan 2022 17:44

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کنوینر نے کہا کہ ٹنڈوالہ یار میں ہونے والا واقعہ پیپلز پارٹی کی جانب سے لسانی فسادات کی سازش ہے اور اس واقعے کے ذمہ دار ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سمیت تمام پولیس افسران کو برطرف کرکے ان کےخلاف مقدمہ قائم کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ملٹری ونگ سندھ پولیس ہے اور سندھ حکومت تمام دہشت گرد کارروائیوں میں معاون اور مددگار ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بتایا کہ پاکستان کے تمام اداروں کو یہ بتاتے رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی پاکستان کو دولخت کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔ ٹنڈوالہٰ یار واقعے سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہاں احتجاج کرنے والی ہماری ماؤں اور بہنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا اور جمعہ کو ایم کیو ایم کے کارکن کو کھلے عام جدید اسلحے سے فائرنگ کرکے کورٹ کے باہر قتل کیا گیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کو ان قوم پرستوں کی جانب سے حالت جنگ میں رکھا گیا، پاکستان کی ان بیٹوں کو آہ و بکا کی بھی اجازت نہیں ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے کہا کہ جمعہ کو ٹنڈوالہٰ یار میں پیپلز پارٹی کے لوگوں نے جلاؤ گھیراؤ کرکے ایف آئی آر بھی ایم کیو ایم  پر درج کرائی، جن دہشت گردوں نے قتل کیا ان کے گھروں پر چھاپے بھی نہیں مارے گئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی حب الوطنی پر بار بار سوالیہ نشان لگتا رہا ہے اور سندھ کے شہری علاقوں پر بار بار ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹنڈوالہ یار میں ہونے والا واقعہ پیپلز پارٹی کی جانب سے لسانی فسادات کی سازش ہے اور اس واقعے کے ذمہ دار ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سمیت تمام پولیس افسران کو برطرف کرکے ان کےخلاف مقدمہ قائم کیا جائے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ بھی کہا کہ پچھلے 14 برس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ اور کراچی کو تباہ برباد کردیا، پیپلز پارٹی کو لوٹ مار اور تباہی و بربادی کی اجازت دے دی گئی ہے، تمام جماعتوں کو کھل کر سیاست کرنے کی اجازت ہوتی ہے مگر ایم کیو ایم کو آج بھی کھل کر سیاست نہیں کرنے دی جارہی ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ پولیس کے ساتھ مل کر لسانی فسادات کا منصوبہ بنا چکی ہے اور سندھ پولیس کے لوگ آپریشن کی آڑ میں مہاجروں کو بلاجواز تنگ کرتے ہیں تاہم اب مزید سندھ کے شہری علاقوں کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 975038

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975038/پیپلز-پارٹی-سندھ-پولیس-کے-ساتھ-مل-کر-لسانی-فسادات-کا-منصوبہ-بنا-چکی-ہے-خالد-مقبول-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org