0
Saturday 22 Jan 2022 23:36

مری، شدید برفباری مگر سیاحوں کا بائیکاٹ جاری، مال روڈ خالی

مری، شدید برفباری مگر سیاحوں کا بائیکاٹ جاری، مال روڈ خالی
اسلام ٹائمز۔ ملکہِ کوہسار مری میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے مگر مری کا مال روڈ اس وقت اجڑے بیابان کا منظر پیش کر رہا ہے۔ سیاحوں کی جانب سے بائیکاٹ مہم کے باعث مال روڈ پہ ہو کا عالم ہے۔ ہوٹلز خالی ہیں اور دکاندار سرشام دکانیں بند کر کے گھروں کی راہ لیتے ہیں۔ گزشتہ روز مری ہوٹلز ایسوسی ایشن کے صدر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ اگر سیاحوں کی جانب سے بائیکاٹ ختم نہ کیا گیا تو وہ کشمیر جانے والا راستہ بند کر دیں گے۔ یاد رہے کہ رواں سیزن کے پہلے برفباری سپیل کے دوران مری ہوٹلز اور مقامی تاجروں کے انسانیت سوز رویے کی وجہ سے مری میں تقریبا 25 سیاح سردی اور دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے تھے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ جس کے بعد پاکستانی شہریوں اور سیاحوں نے بائیکاٹ مریی مہم شروع کی تھی۔ جس کے نتیجے میں آج شدید برفباری کے باوجود مری سیاحوں سے خالی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برف باری کا سلسلہ کل بھی جاری رہے گا۔ ملکہ کوہسار میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے پر محکمہ موسمیات اور ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے سیاحوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔ مری جانے والے محتاط رہیں، برفباری کےدوران پھسلن سے بچنےکیلئے ٹائرز میں ہوا کا دباؤ کم رکھیں، ٹائر پر چین استعمال کریں۔ شام 5 سے صبح 5 بجے تک سیاحوں کے مری میں داخلے پر مکمل پابندی ہو گی، چیف ٹریفک افسر کے مطابق مری میں مجموعی طور پرسیاحوں کی 1355 گاڑیاں موجود ہیں، سیاحوں کی 8000 سے زائد گاڑیوں کے داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ آج اور کل مری، گلیات، ناران،کاغان، ہنزہ میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے اور رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 975093
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش