0
Sunday 23 Jan 2022 19:54

شیعہ علماء کونسل کے تحت کراچی میں شہداء اسلام کانفرنس، یمن پر جارحیت کی مذمت

شیعہ علماء کونسل کے تحت کراچی میں شہداء اسلام کانفرنس، یمن پر جارحیت کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیراہتمام کراچی کی انچولی سوسائٹی میں واقع امام بارگاہ شہدائے کربلا میں شہدائے اسلام کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور عوام نے شرکت کی اور شہداء سے اظہار عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ اس وقت ملک میں اتحاد و وحدت کی فضا کو قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے اور تمام مسالک کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں ہم سب کو اپنا اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان میں کوئی فرقہ واریت نہیں ہے بلکہ پاکستان میں کچھ فرقہ پرست ٹولے ہیں، جو اس ملک کی فضاء کو خراب کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، حکومت کو چاہیئے کہ ایسے عناصر کی روک تھام کے لئے اہم اقدامات اٹھائے، تاکہ اس ملک میں اتحاد و وحدت کی فضا کو قائم رکھا جاسکے، یہ امت مسلمہ امت واحدہ ہے۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ پاکستان ایک انتہائی حساس دور سے گزر رہا ہے، ملک میں ایک بار پھر دہشت گردی کی لہر پھیل رہی ہے، حکومت کو چاہیئے کہ لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے، ڈیرہ اسماعیل خان اور ملتان میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے بعد لاہور انارکلی بازار میں ہونے والا دھماکہ ملک کے امن کو خراب کرنے کی سازش ہے، جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پاکستان میں کوئی جگہ نہیں، جہاں دہشت گردوں کو پناہ دی جائے، حکومت کو چاہیئے کہ دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کرے، تاکہ ملک میں امن و امان کی فضاء کو یقینی بنایا جاسکے، جب تک شہداء کے قاتلوں کو آئین و قانون کے مطابق سزائیں نہیں دی جائیں گی، اس وقت تک ملک میں امن و امان کا قیام ناگزیر ہے۔ لہذا شہداء کے قاتلوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے اور ان کے خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے یمن کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں ہونے والے مظالم پر عالمی اداروں کی خاموشی اور عالمی میڈیا کی منفی رپورٹنگ نے انسانیت کے علمبردار اداروں کی خاموشی کا جنازہ نکال دیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنماء اسد اللہ بھٹو کا کہنا تھا امت مسلمہ کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے، امت مسلمہ کو چاہیئے اپنی صفوں میں اتحاد و وحدت کو فروغ دیں، ہمارا سب سے بڑا دشمن امریکہ و اسرائیل ہیں، ہمیں چاہیئے کہ اپنے مشترکہ دشمن کو ناکام بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ کانفرنس سے علامہ باقر حسین زیدی، علامہ اسد اقبال زیدی، علامہ رضی حیدر زیدی، علامہ نثار قلندری، حسنین مہدی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 975209
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش