0
Sunday 23 Jan 2022 21:09

بلوچستان کے 15 اضلاع میں پولیو ویکسینیشن کا آغاز کل سے ہوگا

بلوچستان کے 15 اضلاع میں پولیو ویکسینیشن کا آغاز کل سے ہوگا
اسلام ٹائمز۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر حمید اللہ ناصر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں پولیو مہم صوبے کے 15 اضلاع کی 415 یونین کونسلز میں کل سے شروع ہورہی ہے۔ جن اضلاع میں پولیو مہم شروع کی جائیگی، ان میں کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، چمن، جعفرآباد، نصیرآباد، لورالائی، خضدار، قلعہ سیف اللہ، دکی، مستونگ، شیرانی، ژوب، چاغی اور لسبیلہ کے تحصیل حب اور گڈانی کے اضلاع شامل ہیں۔ حمید اللہ ناصر نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے دوران 14 لاکھ 90 ہزار 862 سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کے سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ مہم میں مجموعی طور پر 6683 ٹیمیں شامل ہونگی، جن میں 5521 موبائل ٹیمیں، 358 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 429 فکسڈ سائٹس ہونگی۔ انہوں نے کہا ہے کہ مہم کے حوالے سے سکیورٹی کے انتظامات بھی کرلئے گئے ہیں۔ مہم کے دوران تمام عملے کو فول پروف سکیورٹی دی جائیگی۔ جس پر بلوچستان لیویز، پولیس اور ایف سی کے جوان تعینات ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس ہمارے ماحول میں موجود ہے اور ان بچوں کو اپنا نشانہ بنا سکتا ہے۔ جو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ لہٰذاٰ یہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران پولیو ورکروں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلوائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے پولیو مہم میں معاونت اور اس ضمن میں اقدامات اطمینان بخش ہے اور حکومت کی جانب سے تمام ضروری سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔ حمید اللہ ناصر نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی میں والدین کا کردار اتنہائی اہم ہے۔ اس کے علاوہ معاشرے کے تمام طبقات بلخصوص علماء کرام اور سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہم کی کامیابی کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں سمیت میڈیا سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ مہم کی کامیابی میں کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 975216
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش