0
Sunday 23 Jan 2022 22:19

اب انکے ساتھ نہیں رہ سکتے جنہوں نے سندھ کو لسانی اور انتظامی طور پر تقسیم کیا، خالد مقبول صدیقی

اب انکے ساتھ نہیں رہ سکتے جنہوں نے سندھ کو لسانی اور انتظامی طور پر تقسیم کیا، خالد مقبول صدیقی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ گزشتہ 50 سالوں کا تجربہ جو ہم نے سندھ کے حکمرانوں کے رویوں سے نتیجہ اخذ کیا ہے وہ یہ ہے کہ ہم اب انکے ساتھ نہیں رہ سکتے، جنہوں نے سندھ کو لسانی اور انتظامی طور پر تقسیم کیا، ملک توڑنے والی اس جماعت نے ظلم کے ہر ہتھکنڈے آزما کر مہاجروں پر ظلم کی حد تمام کی ہے، سندھ پولیس پیپلز پارٹی کا عسکری ونگ ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام مرکز بہادر آباد سے متصل پارک میں کارکنان کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہاجروں کا مقدمہ اعلیٰ عدالتوں میں سسک رہا ہے اور وہ ایوان جہاں مصنوعی مردم شماری کی بنیاد پر آنے والے نمائندے قبضہ کئے ہوئے ہیں وہ عمارتیں جمہوریت کا مقبرہ ہیں، اگر فیصلہ ووٹ سے نہیں ہوا تو روڈ پر ہوگا، اب عدالت بھی انتظامیہ بھی ہمیں بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سندھ سیکریٹریٹ کی تلاشی لینی ہوگی، انکے ڈومیسائل چیک کرنے ہیں اور ڈگریاں چیک کرنی ہے، دنیا بھر کے ادارے، ورلڈ بینک اور اقوام متحدہ اس حقیقت کو تسلیم کرچکی ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی سندھ کی آبادی کا 60 فیصد سے زیادہ ہے، جعلی مردم شماری اور متعصبانہ حلقہ بندیوں پر قومی اتفاق رائے نظر آتا ہے اور عمران خان بھی اس اتفاق رائے کے ساتھ متفق نظر آرہے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمیں آپکی حمایت کی ضرورت نہیں بلکہ آپکو ہماری ضرورت ہے، ہمیں نظام قدرت پر یقین ہے، آپکے پاس کراچی کا مینڈیٹ ہے اسکا پاس رکھیں، تعداد معنی نہیں رکھتی حقیقت یہ ہے کہ آج حکومت اور جمہوریت ہمارے بغیر پنپ نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈو الہیار میں ہماری ماؤں، بہنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا، ہمیں ان لاٹھیوں کو روکنے کیلئے نکلنا ہوگا، ہمارے پاس ان دو بازؤں کے علاوہ کوئی ہتھیار نہیں اور تمہارے لئے ہمارے دو ہاتھ ہی کافی ہیں، یہ شہر ہمارا ہے جس کو 30،35 سال سے اس شہر کے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، اب جو رہے گا وہ ہماری اجازت سے اور ہمارے طریقے سے رہے گا نام نہاد قوم پرست جو درحقیقت قوم فروش ہیں، انکی پرورش مخصوص نرسری میں ہوئی ہے، جن کو سندھیوں اور مہاجروں کے درمیان نفرت اور خلیج پیدا کرنے کی ذمہ داری لگائی گئی ہے اور اب پیپلز پارٹی نے ان قوم فروشوں کو گود لیا ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 975234
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش