QR CodeQR Code

سندھ حکومت اور پولیس لسانیت کررہی ہے، ہم سندھی مہاجر جھگڑ ا نہیں چاہتے، عامر خان

23 Jan 2022 22:55

ٹنڈوالہ یار میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ کوٹہ سسٹم نافذ کرکے سندھی مہاجر تفریق پیپلز پارٹی نے پیدا کی تھی، آپ ہم پر لسانیت کا الزام لگاتے ہیں جبکہ ہم تو صرف اپنا جائز حق مانگتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے ٹنڈوالہ یار میں جاں بحق ہونے والے ایم کیو ایم پاکستان کے کارکن خلیل الرحمن خانزادہ کے سوئم میں شرکت کی۔ عامر خان نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو روز قبل ٹنڈوالہ یار شہر کے احاطہ عدالت میں ایم کیو ایم پاکستان کے کارکن کو انسپکٹر شمس کھوکھر اور دیگر اہلکاروں کی موجودگی میں ایک مظلوم مہاجر نوجوان کو عدالت کے دروازے پر قتل کردیا گیا، اس قتل کے بعد ماؤں، بہنوں اور بزرگوں نے احتجاج کیا، اس احتجاج پر طاقت کا بدترین استعمال کیا گیا اور پر امن احتجاج کو کچل کر فسطائیت کی بدترین مثال قائم کی گئی، اس واقعے کو ہم قطعی طور پر کوئی لسانی شکل نہیں دینا چاہتے، لسانیت کا مظاہرہ تو یہ حکومت اور سندھ پولیس خود کر رہی ہے، ہم کوئی سندھی مہاجر جھگڑ ا نہیں چاہتے ہیں، مگر ہم کیا کریں کہ جب سندھ پولیس ایک فریق پر مظالم میں ساتھ دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح سے مقتول کی بہنوں اور بچیوں پر لاٹھی چارج کیا گیا اس سے کشمیر اور فلسطین کے مظالم کو شرما دیا، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ عامر خان نے کہا کہ کوٹہ سسٹم نافذ کرکے سندھی مہاجر تفریق پیپلز پارٹی نے پیدا کی تھی، نام نہاد اکثریت کی بنیاد پر لسانی بل پاس کروا کر تفریق آپ نے پیدا کی تھی، آپ ہم پر لسانیت کا الزام لگاتے ہیں جبکہ ہم تو صرف اپنا جائز حق مانگتے ہیں، آپ ہمارے ساتھ حق مانگنے پر ظلم اور زیادتیاں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سندھ کی اس بدعنوان اور نسل پرست حکومت کو باور کرواتا ہوں کہ ہم نہیں جھکیں گے، ٹنڈوالہ یار کے واقعہ کے بعد پورے سندھ کے مہاجروں میں شدید تشویش ہے، ہم ٹنڈوالہ یار کے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔


خبر کا کوڈ: 975237

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975237/سندھ-حکومت-اور-پولیس-لسانیت-کررہی-ہے-ہم-سندھی-مہاجر-جھگڑ-ا-نہیں-چاہتے-عامر-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org