QR CodeQR Code

اومیکرون وائرس، وزیراعظم نے لاک ڈاؤن کا امکان مسترد کردیا

24 Jan 2022 00:15

لائیو ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کرونا وائرس کا نیا ویرئنٹ تیزی سے پھیلتا ہے، اس نے پوری دنیا میں تباہی پھیلادی ہے، عوام کو تاکید کرتا ہوں کہ ماسک پہن کر عوامی مقامات پر جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر لاک ڈاؤن کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے کاروبار بند نہیں کرنا احتیاط کرنی ہے۔ تفصیلات کے مطابق "آپ کا وزیر اعظم۔۔۔آپ کے ساتھ” لائیو ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کرونا وائرس کا نیا ویرئنٹ تیزی سے پھیلتا ہے، اس نے پوری دنیا میں تباہی پھیلادی ہے، عوام کو تاکید کرتا ہوں کہ ماسک پہن کر عوامی مقامات پر جائیں تاکہ اسپتالوں پر دباؤ نہ آئے۔وزیراعظم نے کرونا وبا کی پانچویں لہر کے باعث لاک ڈاؤن لگانے کا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کرونا آیا تو پہلے دن ہی فیصلہ کیا کہ لوگوں کو بچانا ہے،غریب کو بچانے کیلئے ہم نے لاک ڈاؤن نہیں لگایا، اب بھی کہہ رہا ہوں کہ ہم نے کاروباربند نہیں کرنا احتیاط کرنی ہے،اب امیر ترین ملک سمجھ بیٹھے ہیں کہ ملک بند کرینگےتو نچلہ طبقہ متاثر ہوگا۔ لائیو ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کرونا وبا کے اندر جو فائدہ ہوا وہ سب سے زیادہ امیر ترین لوگوں کو ہوا۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کی تشخیص کے لیے 58 ہزار 334 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 7586 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ این سی او سی کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 13 فیصد ریکارڈ کی گئی جوکہ عالمی وبا کے آغاز سے سب سے زیادہ ہے، اس وقت ملک بھر میں کرونا سے متاثرایک ہزار 83 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گذشتہ روز این سی او سی نے کرونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر مساجد اور عبادت گاہوں کے لیے ضروری کورونا پروٹوکولز کے نفاذ کا فیصلہ کیا تھا،این سی او سی نے نمازیوں کے لیے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا جبکہ مساجد اور عبادتگاہوں میں مکمل ویکسین شدہ افرادکوہی آنے کی اجازت ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 975251

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975251/اومیکرون-وائرس-وزیراعظم-نے-لاک-ڈاؤن-کا-امکان-مسترد-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org