QR CodeQR Code

اترپردیش میں بی جے پی مشکلات سے دوچار، انتخابی حکمت عملی تبدیل

24 Jan 2022 14:52

بی جے پی کا ماننا ہے کہ دوسری جماعتوں سے آئے لیڈران پر اب بھروسہ نہیں کیا جاسکتا اسلئے بہتر ہے کہ اپنے کارکنان کو انکی محنت کا صلہ دیا جائے۔ بی جے پی نے آج اپنا نیا انتخابی نعرہ بھی جاری کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ داخلی انتشار اور لیڈروں کے پارٹی چھوڑنے سے پریشان بی جے پی نے اب انتخابی حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نے اپنے انتخابی نعرے بھی تبدیل کر دیئے ہیں۔ اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور ان کی سرکار پر فوکس کی بجائے پارٹی کو انتخابی مہم میں زیادہ ترجیح دینے اور دوسری پارٹیوں سے آنے والے لیڈروں کے مقابلے پارٹی کارکنان و عہدیداران کو زیادہ ٹکٹ دینے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔ پارٹی نے اپنا نیا نعرہ بھی جاری کیا، جس میں ’یوپی پھر مانگے بی جے پی سرکار‘ کو مرکزی نعرہ بنایا گیا ہے جبکہ پہلے ’یوگی سرکار، کام دم دار‘ کو کلیدی نعرہ کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ اقتدار بچانے کی جد و جہد میں مصروف بی جے پی نے انتخابی حکمت تبدیل کرتے ہوئے ’باہری لیڈروں‘ کی بجائے اپنے پارٹی کارکنان اور عہدیداران کو زیادہ ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی نے حالیہ بغاوت کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے، جس میں تین اہم وزراء سمیت ایک درجن سے زائد لیڈران نے بی جے پی کو الوداع کہہ دیا اور مخالف جماعت بالخصوص سماجوادی پارٹی میں شامل ہوکر اب زعفرانی پارٹی کو شکست سے دوچار کرنے کے عزائم کااظہار کررہے ہیں۔

بی جے پی کا ماننا ہے کہ دوسری جماعتوں سے آئے لیڈران پر اب بھروسہ نہیں کیا جاسکتا اس لئے بہتر ہے کہ اپنے کارکنان کو ان کی محنت کا صلہ دیا جائے۔ بی جے پی نے آج اپنا نیا انتخابی نعرہ بھی جاری کیا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ، نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ، ریاستی بی جے پی صدر سوتنتر دیو سنگھ سمیت دیگر اہم لیڈروں کی موجودگی میں یہ نعرہ جاری کیا گیا جس میں ’یوپی پھر مانگے بی جے پی سرکار‘ کو کلیدی نعرہ بنایا گیا ہے جبکہ ’سوچ ایماندار، کام دم دار‘ کو بطور ٹیگ نعرہ پیش کیا گیا ہے۔ انہوں کہا کہ نیشنلزم، ڈیولپمنٹ اور گڈ گورننس‘ ہمارا وعدہ تھا، جس پر ہم کھرے اترے ہیں۔ ساتھ ہی رام مندر کی تعمیر، کاشی وشوناتھ کوریڈور، کنبھ میلہ اور گنگا کی صفائی جیسے وعدے بھی پورے کئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 975280

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975280/اترپردیش-میں-بی-جے-پی-مشکلات-سے-دوچار-انتخابی-حکمت-عملی-تبدیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org