0
Monday 24 Jan 2022 12:13

ایران، عالمی طاقتوں کے مذاکرات کی کامیابی سے پہلے گیس معاہدہ بحال کیا جائے، منیر گیلانی

ایران، عالمی طاقتوں کے مذاکرات کی کامیابی سے پہلے گیس معاہدہ بحال کیا جائے، منیر گیلانی
اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر تعلیم اور اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت نے ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے جاری حتمی مذاکرات سے پہلے گیس معاہدہ کی بحالی کیلئے حالات سازگار نہ کئے تو بحران مزید بڑھ جائے گا، خدا نخواستہ یوکرائن اور روس کا تنازعہ بڑھ گیا تو گیس کی بین الاقوامی قیمت 50 سے 80 ڈالرز تک جا سکتی ہے، کیونکہ روس پورے یورپ کو گیس مہیا کرتا ہے اور حالات اگر خراب ہوئے تو روسی کارگو کسی اور راستے سے یورپ کو سپلائی کرے گا تو اس کی لاگت یقینی طور پر بڑھ جائے گی اور گیس کی قلت بھی ہو جائے گی۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے وزیر شاہد خاقان عباسی کی قطر سے گیارہ ڈالر فی یونٹ سستی گیس کے طویل المدتی معاہدہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ تقریبا ًہر ماہ پاکستان کو قطر گیس مہیا کرتا ہے، جبکہ قطر دنیا کو 34 ڈالر کے حساب سے کارگو کاروں مارکیٹ میں سپلائی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اگر حکمران عقلمندی کا مظاہرہ کریں تو جو معاہدہ حکومت پاکستان سے ہوا تھا، اس پر اوپن ٹینڈر کال کرکے بیچ دیا جائے تو بہتر قیمت دے سکتا ہے، جبکہ اس وقت مارکیٹ میں خریدار موجود ہیں جو مئی تک کا معاہدہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس لئے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر قرض لینے کی بجائے ملک کے اندرموجود فرنس آئل سے سستی بجلی تیار کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں ٹینڈر کے ذریعے گیس کی فروخت سے پاکستان کو دو بلین ڈالرز سے زائد منافع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس فروخت میں قطر حکومت کچھ رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرتی ہے تو دنیا میں ایسے خریدار بھی ہیں جو قطر کو مطمئن کرکے اس ڈیل کو کامیاب کرا سکتے ہیں۔ منیر گیلانی نے کہا کہ عالمی حالات تبدیل ہو رہے ہیں، ایران پر عائد معاشی پابندیاں چند مہینوں میں ختم ہونے جا رہی ہیں، جبکہ پہلے ہی کورین گورنمنٹ نے اسلامی جمہوری ایران کے منجمد رکھے سات بلین ڈالرزواپس دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ حکومت پاکستان کو پیپلز پارٹی کے دور اقتدارمیں پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدہ ہوا تھا اس پر عملدرآمد کیا جائے، ایرانی حکومت نے بارڈر تک گیس پائپ لائن بچھا دی ہے لیکن بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے پاکستان کے اندر کوئی سرمایہ کاری کیلئے تیار نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر ایران سے رابطہ کر کے پابندیاں اٹھنے کیساتھ ہی گیس پائپ لائن کو فنکشنل کر لینا چاہیے، تاکہ صنعت اور گھریلو صارفین کی مشکلات کم ہوں۔ سابق وفاقی وزیر نے زور دیا کہ پاکستان کو اپنی تجارت کو فروغ دینے کیلئے ٹریڈ ہاوس بھی قائم کرنے چاہئیں۔
خبر کا کوڈ : 975316
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش