QR CodeQR Code

آٹا مہنگا ہونے کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، گورنر سندھ

24 Jan 2022 17:17

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ ایک طرف سندھ حکومت مہنگائی کے خلاف مارچ کرنے جارہی ہے اور دوسری طرف آٹا مہنگا کررہی ہے، سندھ حکومت جواب دے کہ 100 ٹن گندم کی کٹوتی کیوں کی۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آٹا مہنگا ہونے کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، پاکستان میں مہنگائی کی شرح دیگر ممالک سے کم ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں مہنگائی کی بہت شرح کم رہی ہے، کورونا وباء سے پوری دنیا میں مہنگائی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں مصنوعی مہنگائی ہوئی ہے، ہر کاروباری طبقے نے اپنے منافع میں اضافہ کیا، 12 سو ٹن فی مل آٹا ریلیز کرتی ہے، 800 آٹا ملز ہے سندھ میں 11 لاکھ ٹن گندم سندھ حکومت کے گوداموں میں رکھی ہوئی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گندم کی فصل سندھ میں سب سے پہلے کٹتی ہے، آٹا مہنگا ہونے کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، میں مطالبہ کرتا ہوں سندھ حکومت سے کہ 100 ٹن کٹوتی کیوں کی گئی؟ ان کا کہنا تھا کہ میں جاننا چاہتا ہوں کہ جب مارچ میں گندم کے فصل کی کٹائی ہونی ہے تو 4 لاکھ ٹن گوداموں میں کیوں رکھی ہے؟ اگر گندم کی قلت ہے تو وفاقی حکومت کو آگاہ کریں، وہ گھنٹے میں گندم فراہم کرے گی۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دیگر ملکوں کے مقابلے میں مہنگائی کم ہوئی ہے، پاکستان میں مصنوعی مہنگائی بھی کی گئی، سندھ حکومت نے 1200 ٹن کے بجائے 1100 ٹن گندم ملوں کو دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہی آٹا پنجاب میں کم قیمت میں ملتا ہے اور وہی آٹا سندھ میں مہنگا ملتا ہے، ایک طرف سندھ حکومت مہنگائی کے خلاف مارچ کرنے جارہی ہے اور دوسری طرف آٹا مہنگا کررہی ہے۔ گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت جواب دے کہ 100 ٹن گندم کی کٹوتی کیوں کی؟ حکومت سندھ صوبے کے ساتھ یہ زیادتی تو نہ کرے، ہمارے صوبے کے ساتھ بڑی زیادتی کی جارہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 975364

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975364/آٹا-مہنگا-ہونے-کی-ذمہ-دار-سندھ-حکومت-ہے-گورنر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org