QR CodeQR Code

شہید قاسم سلیمانی ایک شخص سے ایک مکتب میں تبدیل ہوچکے ہیں، علامہ مختار امامی

24 Jan 2022 18:48

کراچی میں مجلس برسی برائے شہدائے راہ حسینؑ و مدافعین ولایت سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کا پاکیزہ خون اسلامی مزاحمت کے درخت کی آبیاری کرتے ہوئے اسے مزید طاقتور بنا رہا ہے، عصر حاضر کے فرعونوں کیلئے شہید قاسم سلیمانی آج سردار قاسم سلیمانی سے زیادہ خطرناک ثابت ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ ہمیں شہید قاسم سلیمانی کے ساتھ وفادار رہنا پڑے گا، آج شہید قاسم سلیمانی ایک شخص سے ایک مکتب میں تبدیل ہو چکے ہیں، قدس کی آزادی ہی حاج قاسم سلیمانی کی شہادت کا انتقام ہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم ضلع شرقی کراچی کی جانب سے جامع مسجد مصطفیٰؐ عباس ​ٹاؤن میں منعقدہ مجلس برسی برائے شہدائے راہ حسینؑ و مدافعین ولایت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شرکاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اپنے خطاب میں علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس جیسے عظیم شہداء نے اپنا کام کردیا، اب ہمارا فرض ہے کہ ان کے مشن کو زندہ رکھتے ہوئے استعمار کے مقابلہ میں ڈٹ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی شہادت کے بعد اسلامی مزاحمتی بلاک زیادہ پُرعزم ہو کر نئے جذبے سے امریکی اسرائیلی شیطانی سازشوں کے خلاف سرگرم عمل ہوچکا ہے، حاج قاسم کی شہادت کے امریکی مجرمانہ اقدام سے امریکا کا مقصد ناصرف عراق اور ایران بلکہ پورے خطے میں اسلامی مزاحمت کو کمزور کرنا تھا لیکن وہ اس حقیقت سے غافل ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ شہید قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کا پاکیزہ خون اسلامی مزاحمت کے درخت کی آبیاری کرتے ہوئے اسے مزید طاقتور بنا رہا ہے، انشاءاللہ عصر حاضر کے فرعونوں کیلئے شہید قاسم سلیمانی آج سردار قاسم سلیمانی سے زیادہ خطرناک ثابت ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 975377

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975377/شہید-قاسم-سلیمانی-ایک-شخص-سے-مکتب-میں-تبدیل-ہوچکے-ہیں-علامہ-مختار-امامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org