0
Monday 24 Jan 2022 19:43

حسنین شاہ کے قتل کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا جائے، اعظم چودھری

حسنین شاہ کے قتل کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا جائے، اعظم چودھری
اسلام ٹائمز۔ لاہور پریس کلب کے سامنے شملہ پہاڑی چوک میں لاہور پریس کلب کے کونسل ممبر اور کیپیٹل ٹی وی کے کرائم رپورٹر حسنین شاہ قاتلانہ حملہ میں جاں بحق ہو گئے۔ لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری، سینئر نائب صدر سلمان قریشی، نائب صدر ناصرہ عتیق، سیکرٹری عبدالمجید ساجد، جوائنٹ سیکرٹری سالک نواز، فنانس سیکرٹری شیراز حسنات اور اراکین گورننگ باڈی نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سینئر صحافی کیپیٹیل ٹی وی کے کرائم رپورٹر حسنین شاہ اپنی گاڑی پر لاہور پریس کلب آ رہے تھے، جہاں پریس کلب کے سامنے شملہ پہاڑی چوک میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے انھیں شدید زخمی کر دیا اور وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ موٹر سائیکل سوار موقع سے فرار ہونے میںکامیاب ہوگئے۔

لاہور پریس کلب کے سامنے صحافی کے اندھے قتل پر صحافیوں نے شدید احتجاج کیا۔ لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی تاریخ کا یہ اندوہناک واقعہ ہے، صحافیوں کے دل لاہور پریس کلب کے سامنے سرعام دن دہاڑے گولیاں مار کر ایک صحافی کو قتل کر دیا گیا اور کوئی کچھ نہ کر سکا، یہ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیلئے ایک سوالیہ نشان ہے کہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کس حد تک گھمبیر ہو گئی ہے کہ جہاں صحافی محفوظ نہیں وہاں عام آدمی کن حالات سے گزر رہا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں وہ معاشرے میں رونما ہونیوالے واقعات کو من و عن بیان کرکے معاشرے میں چھپے ناسوروں کی نشاندہی کرتے ہیں تاکہ عام لوگ امن و سکون کی زندگی گزار سکیں اور ان کے مسائل حل ہوں لیکن کچھ قوتیں ان سے اسی عمل کی وجہ سے خائف رہتی ہیں اور موقع ملنے پر ان کی جان لینے سے بھی گریز نہیں کرتیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافی حسنین شاہ کے قتل کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا جائے اور اس کیس کو ہائی پروفائل کیسز کی فہرست میں شامل کرکے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ورنہ ہم احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبوں ہوںگے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے کہا کہ آج کا یہ دلخراش واقعہ ہمارے دلوں کو زخمی کر گیا ہے، ہم شدید ڈپریشن کا شکار ہو گئے ہیں اور تمام صحافی برادری اس واقعہ پر خود کو غیر محفوظ سمجھ رہی ہے، اگر حکومت نے اس واقعہ کا فوری نوٹس لیکر مجرموں کو فوری گرفتار نہ کیا تو ہم ہر سطح پر احتجاج کریں گے۔ انہوں نے مقتول صحافی حسنین شاہ کی تدفین تک سوگ میں لاہور پریس کلب بند رکھنے اور احتجاجاً پریس کلب پر کالے جھنڈے لہرانے کا بھی اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 975381
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش