0
Tuesday 25 Jan 2022 00:37

بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کو بدترین شکست ہوگی، مشتاق خان

بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کو بدترین شکست ہوگی، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ دیر کا نوٹس لینے اور انھیں دیر کے دورہ سے روکنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے بروقت ٹھیک فیصلہ کیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے اعلان کے بعد وزیراعظم، وزیر اعلیٰ، وفاقی اور صوبائی وزراء کے دیر کے دورے قبل از انتخابات دھاندلی میں شمار ہوتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ غیر جانبدار رہے اور الیکشن قوانین کو حکومتی دباؤ پر پامال کرنے سے باز رہے، پرویز خٹک کے دورہ اپر اور لوئر دیر کی مذمت کرتے ہیں۔ الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے اور ان سے جواب طلبی کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے وزیراعظم کے دیر کے دورے کے ردعمل میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے اور بھرپور احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہوا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ وزیر اعظم، وزیراعلیٰ یا وفاقی و صوبائی وزراء کے دوروں کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی جمہوری جماعت ہے اور جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ ضمیروں کے سودے، ووٹوں کی خرید و فروخت اور دھاندلی نہ خود کرتے ہیں نہ ہی کسی کو ایسا کرنے دیں گے۔ وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور صوبائی و وفاقی وزراء نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھی دھاندلی کی کوششیں کیں اور اب بھی اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کو بدترین شکست کا سامنا ہوگا۔ اپنی شکست کے خوف سے پی ٹی آئی کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں حرکت میں آئی ہیں اور مختلف منصوبوں کے ذریعے لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ہم ان کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 975414
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش