QR CodeQR Code

پنجاب یونیورسٹی میدان جنگ بن گئی، جمعیت اور پولیس میں جھڑپیں

25 Jan 2022 11:12

اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کیجانب سے ساتھی کارکنوں کی گرفتاری پر نیو کیمپس پل بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کے باعث کیمپس پل اور اردگرد کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب یونیورسٹی ایک بار پھر میدان جنگ بن گئی۔ اسلامی جمیعت طلبہ کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے ساتھی کارکنوں کی گرفتاری پر نیو کیمپس پل بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کے باعث کیمپس پل اور اردگرد کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کر دیا۔ پنجاب یونیورسٹی میں پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے اسلامی جمعیت طلبہ کے 50 کے قریب کارکنوں کو گرفتار کر لیا، جس پر طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے نیو کیمپس پل بلاک کیا تو پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر طلباء کو منشتر کر دیا۔
 
بعد ازاں اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان پنجاب یونیورسٹی کے گیٹ نمبر چار پر جمع ہوگئے اور گیٹ کو بند کر دیا، جس پر پولیس نے دوبارہ کارروائی کرتے ہوئے طلباء کو منشتر کرنے کی کوشش کی تو طلباء کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، جس پر پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کیا اور طلباء منشتر ہوگئے۔ جس کے بعد چار نمبر گیٹ کو آمد و رفت کیلئے کھول دیا گیا۔

ایس پی اقبال ٹائون علی رضا بھی موقع پر موجود تھے اور آپریشن کی خود نگرانی کرتے رہے۔ ایس پی اقبال ٹاون کا کہنا تھا کہ امن و امان خراب کرنیوالوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ دوسری جانب سیکرٹری اطلاعات جمعیت جامعہ پنجاب ابراہیم شاہد کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں کو امتحان دینے سے ناجائز روکا گیا اور جن طلباء کو امتحان دینے سے روکا گیا، ان کا ایف آئی آر میں نام نہیں تھا۔ پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ ہمارے کارکنوں کیخلاف سازش کر رہی ہے، اس کیخلاف احتجاج جاری رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 975491

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975491/پنجاب-یونیورسٹی-میدان-جنگ-بن-گئی-جمعیت-اور-پولیس-میں-جھڑپیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org