QR CodeQR Code

لاہور، قتل ہونیوالے صحافی حسنین شاہ کی نماز جنازہ ادا

25 Jan 2022 14:51

مقتول کی نماز جنازہ لاہور پریس کلب کے سامنے ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں صدر لاہور پریس کلب اعظم چودھری، سیکرٹری عبدالمجید ساجد سمیت پریس کلب کے دیگر عہدیداروں، صحافتی تنظیموں کے رہنماوں اور ورکنگ جرنلسٹس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور پریس کلب کے سامنے قتل ہونیوالے صحافی حسنین شاہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ مقتول کی نماز جنازہ لاہور پریس کلب کے سامنے ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں صدر لاہور پریس کلب اعظم چودھری، سیکرٹری عبدالمجید ساجد، نائب صدر سلمان قریشی سمیت پریس کلب کے دیگر عہدیداروں، صحافتی تنظیموں کے رہنماوں اور ورکنگ جرنلسٹس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کیپیٹل ٹی وی کے کرائم رپورٹر حسنین شاہ کو گزشتہ روز نامعلوم افراد نے پریس کلب کے قریب ڈیوس روڈ پر گولیاں مار دی تھیں۔ حسنین شاہ موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔ صحافتی تنظیموں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر لاہور پریس کلب اعظم چودھری کا کہنا تھا کہ جب تک حسنین شاہ کے قاتل گرفتار نہیں ہوتے، صحافی برادری سراپا احتجاج رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی زندگیاں روز بروز غیر محفوظ ہوتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ادھرالیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن (ایمرا) کے صدر محمد آصف بٹ نے حسنین شاہ کو نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ سے قتل کرنے کی پرزور اور شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو میں آصف بٹ کا کہنا تھا کہ کیپٹل ٹی وی کے سینئر کرائم رپورٹر کو لاہور پریس کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے دن دیہاڑے گولیاں مار کر قتل کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت فعل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس دیدہ دلیری سے نامعلوم افراد نے ورکنگ جرنلسٹ کو گولیوں کا نشانہ بنایا ہے اس پر پوری صحافی برادری میں تشویش پائی جا رہی ہے، تمام صحافتی برادری غم اور غصہ کی کیفیت دوچار ہے۔


خبر کا کوڈ: 975517

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975517/لاہور-قتل-ہونیوالے-صحافی-حسنین-شاہ-کی-نماز-جنازہ-ادا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org