0
Tuesday 25 Jan 2022 19:58

طلبہ سیاست میں اے ٹی آئی کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں، غلام مرتضی سعیدی

طلبہ سیاست میں اے ٹی آئی کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں، غلام مرتضی سعیدی
اسلام ٹائمز۔ اے ٹی آئی اندھیروں سے روشنی کا سفر ہے، انجمن طلبہ اسلام نے لاکھوں صالح کردار کے حامل محب وطن اور عشق رسول ﷺ سے سرشار نوجوان قوم کو دیئے ہیں، جو نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں استحکام وطن کیلئے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انجمن طلبہ اسلام ماضی کی رخشاں روایات کو برقرار رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں میں طلبہ حقوق کی جہدوجہد جاری رکھے گی۔ طلبہ سیاست میں انجمن طلبہ اسلام کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انجمن طلبہ اسلام نے ملکی مفاد میں چلنے والی تمام تحریکوں میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سٹوڈنٹ سیکرٹریٹ ایوان خیر لاہور میں منعقدہ انجمن طلبہ اسلام ضلع لاہور کے زیر اہتمام 54ویں جشن تشکیل انجمن کی مرکزی تقریب ''افتخار وطن ہے یہ انجمن سیمینار'' سے مصطفائی تحریک کے مرکزی امیر غلام مرتضی سعیدی، انجمن طلبہ اسلام کے سابق سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خالد انصاری، سابق سیکرٹری جنرل محمد اکرم رضوی، انجمن اساتذہ پاکستان کے مرکزی صدر پروفیسر رضا حسین سیال، ناظم ضلع لاہور عبدالصبور ہنجرا، سابق ناظم ضلع لاہور دانش وڑائچ مصطفائی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار کی صدارت انجمن طلبہ اسلام وسطی پنجاب کے جنرل سیکریڑی جواد خان لودھی نے کی۔ مقررین نے کہا 1968 میں شروع ہونیوالا سفر آج بھی جاری و ساری ہے۔ انجمن سے وابستہ ہزاروں نوجوانوں نے اپنی زندگیوں کو بامقصد بنایا۔ موجودہ دور میں اے ٹی آئی معاشرے کیلئے عطیہ خداوندی ہے۔ اے ٹی آئی نے 54سالہ جہدوجہد میں قربانیوں اور سرفروشیوں کی لازوال داستاں رقم کی ہے۔ سیمینار سے سلمان منہاس، اصغر ہنجرا، چودھری اصغر گجر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جشن تشکیل انجمن کا کیک بھی کاٹا گیا۔
خبر کا کوڈ : 975561
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش