0
Tuesday 25 Jan 2022 20:37

وسائل اور اختیارات کا رونا رونے کے بجائے اگر خدمت کی جاتی تو نتائج مختلف ہوتے، مرتضیٰ وہاب

وسائل اور اختیارات کا رونا رونے کے بجائے اگر خدمت کی جاتی تو نتائج مختلف ہوتے، مرتضیٰ وہاب
اسلام ٹائمز۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سڑکوں کے نیٹ ورک اور بنیادی شہری سہولیات کو بہتر بنا رہی ہے، مکمل نیک نیتی اور جذبے کے ساتھ کراچی میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں، یہی وہ حقیقی تبدیلی ہے جس کا لوگوں کو انتظار تھا، وسائل اور اختیارات کا رونا رونے کے بجائے اگر نیک نیتی کے ساتھ کراچی کے شہریوں کی خدمت کی جاتی تو نتائج مختلف ہوتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مچھلی چوک تا کینپ ہاکس بے روڈ کی تعمیر اور اسے دو رویہ بنانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر مچھلی چوک ہاکس بے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل، معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ آصف خان، پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی احمد جان، علی حمزہ، میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا وژن ہے کہ کراچی کی ترقی اور انفراسٹرکچر بہتر کیا جائے، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی مرمت کے لئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کردیئے ہیں، شہر کے ہر علاقے میں بلا امتیاز و تفریق ترقیاتی کام کرائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 250 بسوں کی خریداری کے لئے ادائیگی کردی گئی ہے، یہ بسیں عنقریب کراچی کی سڑکوں پر نظر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے مسئلے کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، کراچی کو 100 ایم جی ڈی پانی ملنا شروع ہوجائے گا، اس کے علاوہ 65 ایم جی ڈی کا ایک اور منصوبہ بھی چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیماڑی ضلع بننے سے لوگ بہتر بلدیاتی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں، کراچی کے عوام بھٹو اور بے نظیر سے محبت کرتے ہیں، بھٹو نے عوام کے حقوق کی جنگ لڑی، اسی سوچ اور افکار کے ساتھ ہم اس جنگ کو جاری رکھے ہوئے ہیں، سب دیکھ رہے ہیں کہ کے ایم سی کے وہی قوانین ہیں اور وہی افسران و اہلکار ہیں اس کے باوجود کراچی بدلتا ہوا نظر آرہا ہے۔ تقریب سے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل اور میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 975564
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش