QR CodeQR Code

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، محمد حسین محنتی

25 Jan 2022 20:50

ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی سندھ نے کہا کہ اس وقت ملک کا ہر شعبہ تنزلی کا شکار لیکن کرپشن نے تمام تر ترقی کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، تبدیلی کی دعویدار حکومت کے دوران عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کو کرپشن کیخلاف جنگ کے دعویدار حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی پوری ٹیم 22 سال سے دوسری سیاسی پارٹیوں اور سابقہ حکومتوں پر کرپشن، چور چور کے الزامات لگاتی رہی لیکن بدقسمتی سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل جیسے عالمی اداروں نے ان کی اپنی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ موجودہ حکومت کرپٹ اور چور ہے، موجودہ حکمران اس رپورٹ کی اشاعت کے بعد فی الفور استعفیٰ دیکر عوام کی جان چھوڑ دیں تاکہ لوگ سکھ کا سانس لے سکیں، اس وقت ملک کا ہر شعبہ تنزلی کا شکار لیکن کرپشن نے تمام تر ترقی کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، تبدیلی کی دعویدار حکومت کے دوران عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی۔ انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ گڈ گورننس، شفافیت اور اصلاحات، بیرون ملک لوٹی ہوئی قومی خزانے کی دولت کی واپسی سمیت پی ٹی آئی کے تمام تر دعوے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوچکے ہیں، موجودہ حکومت نے نااہل، نالائق ہونے کے بعد کرپشن کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

محمد حسین محنتی نے ایک بیان میں مزید کہا کہ کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں، دوسروں پر بےبنیاد الزامات لگانے والوں کو عالمی ادارے چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں، 2019ء سے  2022ء تک ہر سال پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان میں کرپشن بڑھی ہے اور عام آدمی کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ احتساب اور انصاف کا دعویٰ کرنے والی موجودہ حکومت کیلئے شرمندگی کا باعث اور پاکستان کیلئے لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت گذشتہ تین سالہ اقتدار کے دور میں کرپشن، چوری اور کمیشن کیخلاف جہاد کا اعلان کرتی رہی لیکن اس کے ناک کے نیچے سرکاری اداروں میں کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے، کبھی آٹا مافیا، کبھی پیٹرول تو کبھی چینی مافیا کی شکل میں آج ملک پر مافیاز کی حکمرانی رائج ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی موجودہ رپورٹ میں پاکستان کی درجہ بندی 120 سے 140 تک آنا حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 975565

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975565/ٹرانسپیرنسی-انٹرنیشنل-کی-رپورٹ-حکمرانوں-کیلئے-لمحہ-فکریہ-ہے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org