QR CodeQR Code

وسیم اختر نے سندھی قوم سے معافی نہیں مانگی تو ایم کیو ایم کا بائیکاٹ کرینگے، سردار عبدالرحیم

25 Jan 2022 21:11

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماء فنکشنل لیگ نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم سے اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں مگر اس قسم کے بیان سے تعلقات خراب ہونگے، ہم کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرینگے کہ لوگوں کیخلاف نفرت پھیلائی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری اور جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء وسیم اختر کے متنازعہ بیان کو ناقابل برداشت اور شرانگیز قرار دیتے ہوئے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ایسے شرانگیز بیان کو فوری واپس لینے اور اس سے لاتعلقی کا اعلان کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ وسیم اختر نے یہ بیان واپس نہیں لیا اور سندھی قوم سے معافی نہیں مانگی تو ہم ایم کیو ایم پاکستان کا ہر سطح پر بائیکاٹ کرینگے، اس بیان سے امن کی فضا خراب ہوگی۔ وہ فنکشنل لیگ ہاؤس کلفٹن میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وسیم اختر اس بیان پر قوم سے معافی مانگے اور اپنا بیان واپس لے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم سے اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں، مگر اس قسم کے بیان سے تعلقات خراب ہونگے، ہم کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کریں گے کہ لوگوں کے خلاف نفرت پھیلائی جائے، وسیم اختر کا بیان ملکی سالمیت کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں بھی ایسا ہی ہوا تھا، جس کی وجہ سے بنگلادیش پاکستان سے الگ ہوگیا، یہ بیان پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام کے بنیادی حقوق کی بات کر رہے تھے، کالے بلدیاتی قانون کے خلاف متحد تھے تو اس قسم کے بیان کی کیا ضرورت تھی، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بیان پیپلز پارٹی کی ایماء پر تو نہیں دیا گیا، فنکشنل لیگ کراچی کی بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے۔


خبر کا کوڈ: 975567

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975567/وسیم-اختر-نے-سندھی-قوم-سے-معافی-نہیں-مانگی-ایم-کیو-کا-بائیکاٹ-کرینگے-سردار-عبدالرحیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org