0
Tuesday 25 Jan 2022 22:32

ٹرانسپیرنسی رپورٹ کرپشن کیخلاف جنگ کے دعویدار حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، جماعت اسلامی

ٹرانسپیرنسی رپورٹ کرپشن کیخلاف جنگ کے دعویدار حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کو کرپشن کیخلاف جنگ کے دعویدارحکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی پوری ٹیم 22 سال سے دوسری سیاسی پارٹیوں اور سابقہ حکومتوں پر کرپشن، چور چور کے الزامات لگاتی رہی، لیکن بدقسمتی سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل جیسے عالمی اداروں نے ان کی اپنی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ  ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ موجودہ حکومت کرپٹ اور چور ہے، موجودہ حکمران اس رپورٹ کی اشاعت کے بعد فی الفور استعفیٰ دیکر عوام کی جان چھوڑ دیں، تاکہ لوگ سکھ کا سانس لے سکیں، اس وقت ملک کا ہر شعبہ تنزلی کا شکار ہے، لیکن کرپشن نے تمام تر ترقی کے رکارڈ توڑ دیئے ہیں، تبدیلی کی دعویدارحکومت کے دوران عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ گڈ گورننس، شفافیت اور اصلاحات، بیرون ملک لوٹی ہوئی قومی خزانے کی دولت کی واپسی سمیت پی ٹی آئی کے تمام تر دعوے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہو چکے ہیں، موجودہ حکومت نے نااہل و نالائق ہونے کے بعد کرپشن کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں، دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عالمی ادارے چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں، 2019ء سے 2022ء تک ہر سال پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان میں کرپشن بڑھی ہے اور عام آدمی کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت گذشتہ تین سالہ اقتدار کے دور میں کرپشن، چوری اور کمیشن کیخلاف جہاد کا اعلان کرتی رہی، لیکن اس کے ناک کے نیچے سرکاری اداروں میں کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے، کبھی آٹا مافیا، کبھی پیٹرول تو کبھی چینی مافیا کہ شکل میں آج ملک پر مافیاز کی حکمرانی رائج ہے۔
خبر کا کوڈ : 975579
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش