0
Friday 9 Sep 2011 19:15

صوبے سے ڈینگی مچھر کا نام ونشانہ مٹا دیا جائے، وسائل میں دوں گا،شہباز شریف

صوبے سے ڈینگی مچھر کا نام ونشانہ مٹا دیا جائے، وسائل میں دوں گا،شہباز شریف
لاہور:اسلام ٹائمز۔ ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے قائم کی گئی خصوصی ایمرجنسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں ڈینگی وائرس کی ادویات و آلات کی کمی کو دور کرنے کیلئے ہنگامی طور پر اقدامات کئے جائیں اور دنیا بھر میں جہاں بھی یہ دستیاب ہوں ان کی درآمد کیلئے فوری انتظامات کئے جائیں۔ محکمہ صحت کی اس تجویز پر کہ اس مرحلے پر جن ادویات کی اشد ضرورت ہے وہ فرانس اور بھارت میں دستیاب ہیں، فرانس سے درآمد پر کئی ہفتے لگیں گے جبکہ یہی ادویات بھارت سے جلد درآمد کی جا سکتی ہیں تاہم بھارت سے ان ادویات کی درآمد میں کچھ دشواریاں درپیش ہیں جس پر وزیراعلیٰ نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ وہ بھارت سے ان ادویات کی درآمد کیلئے بات چیت کریں اور اگر اس عمل میں کوئی دشواری پیش آئے تو میں اپنا کردار ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے مریضوں اور عوام کو معلومات کی آگاہی کیلئے آج سے خصوصی ہیلپ لائن کام شروع کر دے گی۔ 50 لائنوں پر مشتمل یہ ہیلپ لائن 24 گھنٹے کام کرے گی اور ٹال فری ہیلپ لائن پر 150 ڈاکٹرز و لیڈی ڈاکٹرز 3 شفٹوں میں اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
وزیراعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ڈینگی وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں منتخب نمائندوں پر مشتمل خصوصی ایمرجنسی ٹاؤن کمیٹیاں بھی شب و روز کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے مہم کو مزید تیز کیا جائے اور اگر ملک میں معیاری ادویات اور آلات کی کمی ہو تو انہیں بذریعہ ہوائی جہاز فوری طور پر درآمد کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہسپتالوں کی آرائش کیلئے تو اربوں روپے کا قیمتی پتھر (گرینائیٹ ) درآمد کیا گیا لیکن معیاری ادویات اور آلات کی خریداری کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ایک جان عزیز ہے اور عوام کو ڈینگی وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے جس قدر بھی وسائل مہیا کرنا پڑے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے ادویات و آلات کی درآمد کیلئے محکمہ صحت میں خصوصی سیل تشکیل دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو متحرک کیا جائے اور اس ضمن میں طلباء کی بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو گھر گھر جا کر اس مرض سے بچاؤ کے حوالے سے رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے سدباب کیلئے لاہور کی تمام ڈسپنسریوں اور سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں بھی انتظامات کئے جائیں۔ شیخ زید ہسپتال میں ڈینگی وائرس کے مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم نہ کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلی نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ہسپتال انتظامیہ سے بات کریں اور وہاں ڈینگی بخار کے مریضوں کے علاج معالجے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ڈی سی او لاہور کو ہدایت کی کہ وہ مچھر بھگانے والی ادویات کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کریں اور ہوٹلوں، کلبوں اور دیگر پبلک مقامات پر سپرے کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں، ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔
خبر کا کوڈ : 97567
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش