QR CodeQR Code

ایم کیو ایم کی احتجاجی ریلی پر پولیس کی شیلنگ، ایم پی اے صداقت حسین کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا

26 Jan 2022 19:29

ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جمہوریت کا تقاضا ہے جس کے پاس مینڈیٹ ہوگا وہ ہی اختیارات رکھے گا، درست مردم شماری ہوگئی تو وزیراعلی ہاؤس کے اندر ہوں گے، جعلی مردم شماری کی وجہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی کراچی میں احتجاجی ریلی کے دوران شیلنگ سے زخمی ہونے والے رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی قانون کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا جس کے بعد پولیس کی جانب سے ریلی کے شرکاء کو منتشر کرنے کے لئے بدترین لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی۔ پولیس نے مظاہرین کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین، دو خواتین سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ صداقت حسین پولیس شیلنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔ لاٹھی چارج کے دوران ایک خاتون بھی بے ہوش ہوگئیں۔

ایم کیو ایم کے دھرنے کے باعث مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق وزیراعلیٰ ہاوس کے سامنے ڈاکٹر ضیاءالدین روڈ ٹریفک کے لئے بند کردیا۔ ایمپریس مارکیٹ سے مزار قائد جانیوالا کوریڈور 3 بھی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ احتجاجی دھرنے میں خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کے اطراف میں مرکزی شاہرواں پر آمد ورفت متاثر ہوئی تو گرومندر، گولیمار اور لسبیلہ کی سڑکوں پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر نے کہا کہ ہم سے انتظامیہ کے کسی فرد نے کوئی رابطہ نہیں کیا، وزیراعلیٰ ہاؤس کے مرکزی گیٹ سے منتقل ہورہے ہیں، مطالبات منوانے کی حد تک بھی جاسکتے ہیں۔ ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جمہوریت کا تقاضا ہے جس کے پاس مینڈیٹ ہوگا وہ ہی اختیارات رکھے گا، درست مردم شماری ہوگئی تو وزیراعلی ہاؤس کے اندر ہوں گے، جعلی مردم شماری کی وجہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا مینڈیٹ کبھی بھی پیپلز پارٹی کے پاس نہیں رہا، ایم کیو ایم کے پاس مینڈیٹ ہے اختیارات بھی چاہتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 975717

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975717/ایم-کیو-کی-احتجاجی-ریلی-پر-پولیس-شیلنگ-پی-اے-صداقت-حسین-کو-زخمی-حالت-میں-گرفتار-کرلیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org