QR CodeQR Code

گلگت میں 90 روز تک غیر مقامی افراد کو زمینوں کی فروخت پر مکمل پابندی عائد

26 Jan 2022 21:26

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت اسامہ مجید چیمہ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق اس دورانیے میں حکومتی زمینوں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ گلگت بلتستان کا مکمل ڈومیسائل نہ رکھنے والے افراد کو سرکاری و نجی زمینوں کی فروخت پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایس پی گلگت اور ریونیو حکام زمینوں کے لین دین میں شریک افراد کیخلاف کارروائی کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ ضلع گلگت میں غیر مقامی افراد کو زمینوں کی فروخت پر مکمل پابندی لگا دی گئی، یہ پابندی 90 روز تک جاری رہے گی۔ اس حوالے سے باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت اسامہ مجید چیمہ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق اس دورانیے میں حکومتی زمینوں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ گلگت بلتستان کا مکمل ڈومیسائل نہ رکھنے والے افراد کو سرکاری و نجی زمینوں کی فروخت پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایس پی گلگت اور ریونیو حکام زمینوں کے لین دین میں شریک افراد کیخلاف کارروائی کرینگے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ مجھے ( ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ) کو قابل اعتمادد زائع سے معلوم ہوا ہے کہ ضلع گلگت میں لینڈ مافیا سرکاری و نجی زمینوں کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث ہے جس کے نتیجے میں تنازعات پیدا ہو رہے ہیں۔جس کی وجہ سے عوامی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہیں، جبکہ غیر مقامی لوگ حقیقت سے ناآشنا ہونے کی وجہ سے اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ زمینوں کے تنازعات کے متعلق بہت سارے مقدمات عدالتوں میں بھی زیر سماعت ہیں۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ جی بی کابینہ پہلے ہی اس کا نوٹس لے چکی ہے۔

عوامی املاک کے تحفظ اور امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے ضلع میں فوری اقدامات ناگزیر ہے، لہذا دفعہ 144 کے تحت ضلع بھر میں زمینوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے سکردو میں پریس کانفرنس کے دوران غیر مقامی لوگوں کو زمینوں کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی روز وزیر اعظم نے اپنے دورہ سکردو کے دوران جلسہ عوام سے خطاب میں عوام کو خبردار کیا تھا کہ وہ اپنی زمینوں کا دھیان رکھیں۔ باہر کے لوگ منہ مانگے داموں زمینوں کو خرید لیں گے اور مقامی لوگ مہاجر بن جائیں گے۔

وزیر اعظم کے دورہ سکردو کے بعد وزیر اعلیٰ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ لینڈ ریفارمز کمیشن کی سفارشات کے تحت جامع فارمولا بننے تک جی بی میں غیر مقامی لوگوں کو کسی بھی قسم کی زمین فروخت کرنے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ خالد خورشید کے آفیشل فس بک پیج پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں گلگت بلتستان کی زمینوں کے تحفظ کیلئے وزیر اعلیٰ خالد خورشید کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف حکومت کی صوبائی کابینہ کے اہم فیصلے پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔

جی بی کا ڈومیسائل نہ رکھنے والے افراد کو ضلع گلگت میں زمینوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی۔ ضلع گلگت کی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دیا ہے، اس ضمن میں باضابطہ حکم نامہ جاری ہو گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے دورہ سکردو کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے جی بی کی زمینوں کے تحفظ کیلئے خصوصی ہدایات اور عوام کو اہم نصیحت بھی کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 975744

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975744/گلگت-میں-90-روز-تک-غیر-مقامی-افراد-کو-زمینوں-کی-فروخت-پر-مکمل-پابندی-عائد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org