0
Wednesday 26 Jan 2022 22:47

احتساب جاری رہیگا، ترجمانوں کے اجلاس میں فیصلہ

احتساب جاری رہیگا، ترجمانوں کے اجلاس میں فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ، صحت کارڈ اور شہباز شریف کے خلاف کرپشن کیسز پر بھی بات کی۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر فواد چوہدری نے اجلاس کو بریفنگ دی اور بتایا کہ ٹرانسپیرنسی رپورٹ میں مالی کرپشن کا کوئی ذکر نہیں، صرف قانون کی حکمرانی سے متعلقہ معاملات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کا وعدہ پہلے 90 دن میں ختم کر دیا تھا، موجودہ دور حکومت میں کوئی مالی اسکینڈل سامنے نہیں آیا، سابقہ ادوارمیں پاناما جیسے بڑے بڑے اسکینڈل سامنےآتے رہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہباز شریف کےکرپشن کیسز اور منی لانڈرنگ کے معاملات کو مزید اجاگر کیا جائے اور عوام کو بتایا جائے کہ شریف خاندان نے چپڑاسیوں اور کلرکوں کے نام پر کیسے منی لانڈرنگ کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو بطور اپرچونٹی لیں، ہم پہلے دن سے قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑ رہے ہیں، سابقہ حکومتیں آج تک مک مکا کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے ترجمانوں کو ہدایت کی کہ سابقہ حکمرانوں کی جائیدادوں کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھیں، پبلک آفس ہولڈرز بننے کے بعد اور پہلے کی جائیداد سامنے لائی جائے۔ عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد میری جائیداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، میں نے اپنے بچوں کیلئے کچھ نہیں کمایا لیکن انہوں نے پبلک آفس سنبھالنے کے بعد لندن میں فلیٹس خریدے۔ ان کا کہنا تھاکہ ملک میں طاقتور اور غریب کیلئے قانون الگ تھا، میں نےبلاتفریق سب پر ہاتھ ڈالا ہے، مافیا پر ہاتھ ڈالا تو یہ چاہتے ہیں، میں اپنا آفس چھوڑدوں، اپوزیشن کا ہر لیڈر کرپشن پر کیسسز بھگت رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پہلے دن کہا تھا کرپشن کرنے والوں پر ہاتھ ڈالوں گا، سابقہ حکومتوں نے پولیس میں غنڈے بھرتی کیے، احتساب کے وعدے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو بہترین معاشی اشاریے اور صحت کارڈ جیسی بڑی سہولت پر عوام کو آگاہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو بین الاقوامی اداروں کی معیشت سے متعلق رپورٹوں کا بھی بتایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بڑا واقعہ رونما نہ ہوا تو معیشت مزید بہتر ہو گی۔ خیال رہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کا کرپشن پرسیپشن انڈیکس جاری کردیا جس کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا اور کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان دنیا میں 140ویں نمبر پر آ گیا۔
خبر کا کوڈ : 975752
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش