اسلام ٹائمز۔ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد ہلاک ہوا، جس کی شناخت صدام کے نام سے ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشت گرد ایل ای ڈی بم بنانے کا ماہر تھا جبکہ وہ مختلف جرائم پیشہ کارروائیوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں بھی مطلوب تھا۔