QR CodeQR Code

اسلام امن، رواداری، محبت اور انسان دوستی کا دین ہے، سعید الحسن شاہ

27 Jan 2022 19:57

لاہور میں طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اوقاف پنجاب کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی کے تدارک کیلئے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت ہے، مذاہب کے درمیان مکالمہ مثبت رویوں کی تشکیل کا باعث ہوگا۔ فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے محراب و منبر کا کردار کلیدی اور اساسی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلاحی معاشرے کی تشکیل صوفیاء کے افکار سے ممکن ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اوقاف و مذہبی امور سید سعید الحسن شاہ نے طلباء کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر انتہائی جامع حکمت عملی سے دنیا بھر میں اسلامی تعلیمات اور بزرگان دین کے افکار کے ذریعے ''اسلامو فوبیا'' کی بیخ کنی کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ انتہا پسندی کے تدارک کیلئے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت ہے، مذاہب کے درمیان مکالمہ مثبت رویوں کی تشکیل کا باعث ہوگا۔ فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے محراب و منبر کا کردار کلیدی اور اساسی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلاحی معاشرے کی تشکیل صوفیاء کے افکار سے ممکن ہے، خانقاہ رواداری اور انسان دوستی کا سب سے مؤثر ادارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دین اور علم کی روایت صوفیاء کی وساطت سے خطے میں پہنچی، ماڈل خانقاہ کی تشکیل سے انتہا پسندی اور تشدد کا خاتمہ ممکن ہے، دینی اقدار و روایات کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، مدارس، مساجد اور خانقاہوں کے استحکام کو یقینی بنائیں گے، ملکی استحکام ملکی یکجہتی کیلئے دینی طبقات اور سرکاری ادارے مل کر کوشاں رہیں گے، خانقاہی نظام کے احیاء کیلئے علمأ، سکالرز، سجادگان اور مشائخ کی کوششیں لائق تحسین ہیں، دینی مدارس علوم و معارف کا مرکز اور ہماری اسلامی تاریخ کا درخشاں باب ہیں، ان کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہون ںے کہا کہ موجودہ حکومت اس پر بھر پور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ صوفیاء کے اسلوب دعوت و تبلیغ کو عام کیا جائے۔ اسلام امن، رواداری، محبت اور انسان دوستی کا دین ہے، جس کی تعلیمات کا ابلاغ ہماری ذمہ داری ہے۔


خبر کا کوڈ: 975889

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975889/اسلام-امن-رواداری-محبت-اور-انسان-دوستی-کا-دین-ہے-سعید-الحسن-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org