0
Thursday 27 Jan 2022 21:36

کرایے پر حاصل کیے گئے ڈیزل جنریٹرز کی لاگت 80 کروڑ سے تجاوز کر گئی، حفیظ الرحمن

کرایے پر حاصل کیے گئے ڈیزل جنریٹرز کی لاگت 80 کروڑ سے تجاوز کر گئی، حفیظ الرحمن
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون گلگت بلتستان کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ کرایے پر حاصل کیے گئے ڈیزل جنریٹر کی لاگت 80 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ نیٹو افواج کے فرسودہ جنریٹر کے ساتھ ٹرانسفارمر اور کیبل بھی کرایے پر حاصل کی گئی ہے، صرف تین ماہ میں رینٹ پر لیے گئے جنریٹر، ٹرانسفارمر اور کیبل کی لاگت اسی کروڑ روپے ہے۔ یہ عوام کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے، ہم نے چیف سیکرٹری کو بھی بتا دیا ہے کہ آپ اس کی ادائیگی نہ کریں ورنہ آپ خود پھنس جائیںگے۔ گلگت میں پارٹی رہنماﺅں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سردیوں سے پہلے ہی اقدامات کرنے ہوتے ہیں، ہم نے اپنے دور میں بیک اپ کے طور پر بارہ میگاواٹ تھرمل جنریٹر صوبے کو دیا تھا، اس کے اوپر سولہ میگاواٹ کا ایک اور پراجیکٹ منظور کیا جس کا ٹینڈر بھی ہوا لیکن جب سپلائی کا وقت آیا تو چیف الیکشن کمشنر نے روک دیا۔

سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ یہ پراجیکٹ اب بھی اے ڈی پی میں موجود ہے، 67 کروڑ روپے سے سولہ میگاواٹ کے تھرمل جنریٹر اثاثوں کے ساتھ ہم نے حاصل کرنے تھے، یہ صوبے کا اپنا اثاثہ بننا تھا لیکن وفاق سے فرمائشی پروگرام کے تحت اس کو روکا گیا تاکہ افغانستان میں استعمال ہونے والے نیٹو افواج کے ناکارہ جنریٹر کو کھپایا جائے۔ قانون کے تحت پرانے جنریٹر نہیں خرید سکتے لیکن اپنے ٹھیکیداروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے رینٹ پر جنریٹر لینے کا فیصلہ کیا گیا، جنریٹر کے ساتھ ٹرانسفارمر کو بھی رینٹ پر لے لیا گیا اور کیبل کو بھی کرائے پر حاصل کر لیا گیا۔ تین ماہ بعد یہ ساری چیزیں واپس جائیں گی۔ انہو ں نے کہا کہ دو ماہ کیلئے اسی کروڑ روپے کتنا بڑا ظلم ہے، اس کی تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 975898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش