QR CodeQR Code

صدارتی نظام کے لئے آئین کو توڑنا پڑے گا جو قادیانیوں کی بڑی خواہش ہے، مشتاق خان

27 Jan 2022 22:32

پشاور میں ختم نبوت کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ قادیانی دستور پاکستان کے باغی اور قوم کے غدار ہیں، پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی پارلیمنٹ ہے جس نے قادیانیوں کو باقاعدہ کافر قرار دیا۔ ہم کسی کو پاکستان کے آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہیں دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ صدارتی نظام کے لئے آئین کو توڑنا پڑے گا جو قادیانیوں کی سب سے بڑی خواہش ہے، قادیانی دستور پاکستان کے باغی اور قوم کے غدار ہیں، پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی پارلیمنٹ ہے جس نے قادیانیوں کو باقاعدہ کافر قرار دیا۔ ہم کسی کو پاکستان کے آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہیں دیں گے، موجودہ حکومت نے اب تک غیر اسلامی قانون سازی کی ہے۔ امریکہ، آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کے لئے غیر اسلامی قانون سازی کی جارہی ہے،۔ عقیدہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت (ص) کے قوانین میں تبدیلیوں کے لئے کوششیں ہورہی ہیں۔ کسی کو بھی عقیدہ ختم نبوت یا ناموس رسالت (ص) کے قوانین کو بدلنے نہیں دیں گے۔ جماعت اسلامی ختم نبوت کا قافلہ اور تحفظ ناموس رسالت کا کارواں ہے۔ مجلس تحفظ ختم نبوت کے علماء اور کارکنان ختم نبوت کے قوانین میں ردوبدل کے خلاف بھر مزاحمت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں ختم نبوت کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا نائب امیر مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل، مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی صدر مفتی محمد امتیاز مروت اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت اللہ اور اضلاع کے ذمہ داران شریک تھے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ مغرب نے مسلمانوں کے خلاف تہذیبی، معاشی اور میڈیائی جنگ شروع کی ہے جس کا پہلا ہدف قرآن اور اس کے قوانین، دوم رسول اللہﷺ کی ناموس اور تیسرا ہدف مسلمانوں کا جغرافیہ ختم کرنا ہے۔ یہ لوگ کبھی قرآن جلاتے ہیں تو کبھی نبی اکرم ﷺ کے کارٹون بنا کر گستاخان کو سپورٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے مسلمانوں کو تجارتی مراعات کا جھانسہ دے کر پھانسی کی سزا ختم کرنے اور قانون ناموس رسالت کو ختم کرنے، قادیانیوں کو مذہب کی تبلیغ کی اجازت دینے، مذہب کی جبری تبدیلی اور گستاخان کو رہا کرنے کا ہدف دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں مدارس اور مساجد، عقیدہ ختم نبوت، ناموس رسالت، اسلام اور شعائر اسلام کی حفاظت میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 975918

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975918/صدارتی-نظام-کے-لئے-آئین-کو-توڑنا-پڑے-گا-جو-قادیانیوں-کی-بڑی-خواہش-ہے-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org