QR CodeQR Code

ایم کیو ایم کیخلاف ہمیشہ حکومت اور حکومتی اداروں نے دہشتگردی کی ہے، خالد مقبول صدیقی

27 Jan 2022 23:41

میڈیا نمائندہ گان سے گفتگو کرتے ہوئے کنوینر ایم کیو ایم نے کہا کہ یہ شہادتوں کا سلسلہ ہے جو قیام پاکستان سے لیکر تعمیر پاکستان کی جدوجہد تک ہمارا خون اس ملک کیلئے بہتا رہا ہے، اس شہر میں تمام لوگ وارثان پاکستان اور کراچی کے اصل نمائندے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے شہید محمد اسلم کی تدفین کے بعد میڈیا نمائندہ گان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد اسلم کی شہادت کو پورے پاکستان کے عوام نے کیمرے کے ذریعے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا۔ خالد مقبول صدیقی نے عوام سے سوال کی کہ کوئی جواب دیگا کہ اگر کوئی شرپسندگی کیلئے آئیگا تو وہ اپنی ماؤں، بہنوں، بچوں اور بزرگوں کو ساتھ لیکر آئیگا؟ یہ جو کل حکومتی دہشت گردی ہوئی ہے اسکا حساب دینا پڑیگا، یہ خون گلاب کی خوشبو مل کر وہ دن بھی لائے گا جس کا انتظار پاکستان کو ہے، یہ شہادتوں کا سلسلہ ہے جو قیام پاکستان سے لیکر تعمیر پاکستان کی جدوجہد تک ہمارا خون اس ملک کیلئے بہتا رہا ہے، اس شہر میں تمام لوگ وارثان پاکستان اور کراچی کے اصل نمائندے ہیں، ہماری تحریک ہمیشہ پر امن رہی ہے اور انقلاب لانے والے ہمیشہ پر امن ہوتے ہیں، رد انقلاب کی قوتیں ہمیشہ دہشت گردی اور خون ریزی کرتی ہیں۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اس ملک کی واحد اپوزیشن جماعت ہے، اگر کوئی دوسری اپوزیشن ہے تو بتائیں کس کے دفاتر بند ہیں؟ کس کے دفاترڈھادیئے گئے؟

ان کا کہنا تھا کہ آج ایم کیو ایم کے 100 سے زائد کارکنان لاپتہ ہیں کسی اور جماعت کے کارکنان لاپتہ ہیں تو بتایئے، ایم کیو ایم کیخلاف ہمیشہ حکومت اور حکومتی اداروں نے دہشت گردی کی ہے، آج محمد اسلم شہید کے بچے ہمارے درمیان موجود ہیں، ہر مہذب معاشرے میں بچے ریاست کی ذمہ داری ہوتے ہیں، حتیٰ کہ دشمن کے بچے بھی ریاست کی ذمہ داری ہوا کرتے ہیں لیکن یہ اس شہر کے بچے ہیں جو پورے پاکستان کو پالتا ہے اور یہ بچے بانیان پاکستان کی اولادوں کی اولادیں ہیں، ان کی کفالت کیلئے یہ شہر ہی کافی ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اسلم شہید کا پوسٹ مارٹم ہوگا یا نہیں اس کی اجازت سیاسی جماعت نہیں بلکہ خاندان والے دینگے، لاتعداد ایسی ویڈیوز موجود ہیں جس میں محمد اسلم شہید کو آنسو گیس کے شیل کے درمیان دیکھا جاسکتا ہے، وہ اسپتال لے جاتے وقت جانبر نہ ہوسکے اس کے باعث ان کی شہادت ہوئی لیکن یہ امر طے ہے کہ ان کی جان آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کی وجہ سے ہوئی۔


خبر کا کوڈ: 975932

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975932/ایم-کیو-کیخلاف-ہمیشہ-حکومت-اور-حکومتی-اداروں-نے-دہشتگردی-کی-ہے-خالد-مقبول-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org